جامعہ کشمیر کے پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر ضمیرالحسن نے مقالے کا کامیاب دفاع کرلیا

منگل 17 جون 2025 14:22

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)جامعہ کشمیر کے پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر ضمیر الحسن نے مقالے کا کامیاب دفاع کر لیا،اسکالرموصوف نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ فزکس میں اپنا تحقیقی کام مکمل کیا،یہ تحقیقی کام ڈاکٹر سید رضا علی رضا بخاری سربراہ شعبہ فزکس، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی زیر نگرانی مکمل کیا گیا، ڈاکٹر ضمیر الحسن کے مقالے کا عنوان "Photodetectors Based on Metal Oxides and Chalcogens Heterojunctions" تھا،اس مقالے کو جامعہ آزاد کشمیر میں اس نوعیت کی پہلی تحقیق قرار دیا جا رہا ہے، جو فوٹوڈیٹیکٹرز کے جدید میدان میں اہم سائنسی پیش رفت ہے،مقالے کے دفاع کی تقریب کنگ عبداللہ کیمپس میں ہوئی جس میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے پروفیسر ڈاکٹر رضوان احمداور کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد سے پروفیسر ڈاکٹر انیس الرحمان نے بطور بیرونی ممتحن اپنے فرائض انجام دیے،اس موقع پر ڈائریکٹر کیمپس و چیئرمین شعبہ فزکس پروفیسر ڈاکٹر ایاز عارف خان، ڈاکٹر جاوید اقبال، ڈاکٹر شجاعت علی، ڈاکٹر نثار احمد، ڈاکٹر زاہد رشید سمیت مختلف شعبہ جات کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوئی، ممتحن صاحبان اور دیگر پروفیسرز نے تحقیقی کام کو جدید، معیاری اور بین الاقوامی سطح کے تحقیقی رجحانات سے ہم آہنگ قرار دیتے ہوئے اسے بھرپور سراہا اور داد دی،یاد رہے ڈاکٹر ضمیر الحسن محکمہ ہائیر ایجوکیشن آزادکشمیر میں بطور لیکچرر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں ،وہ اس وقت گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج گڑھی دوپٹہ میں تعینات ہیں،قبل ازیں موصوف پولیس آفیسر کے طور پر بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں،دریں اثنا مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے ڈاکٹر ضمیر الحسن کو پی ایچ ڈی مقالے کے کامیاب دفاع پر مبارک باد پیش کی ہے۔