عمرہ ویزے کیلئے ہوٹل کی تصدیق شدہ بکنگ لازمی قرار

تمام لائسنس یافتہ عمرہ آپریٹرز، ایجنٹس اور کمپنیوں کو مکمل تعمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 17 جون 2025 13:10

عمرہ ویزے کیلئے ہوٹل کی تصدیق شدہ بکنگ لازمی قرار
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جون 2025ء ) سعودی عرب نے عمرہ ویزہ کے لیے ہوٹل کی تصدیق شدہ بکنگ فراہم کرنا لازمی قرار دے دی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے عمرہ ویزہ کے لیے درخواست دینے والے زائرین کے لیے نسک مسار پلیٹ فارم کے ذریعے ہوٹل کی تصدیق شدہ بکنگ فراہم کرنا ضروری قرار دے دی گئی ہے جس کا مقصد عمرہ کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔

اس حوالے سے سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ سروس کے معیار اور حجاج کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے نسک مسار کے ذریعے 1447 ہجری 2025ء کے تمام عمرہ ویزوں کے اجراء کے لیے اب رہائشی دستاویزات درکار ہیں، ان ہدایت کا مقصد فراہم کردہ خدمات کے معیار اور حجاج اور زائرین کے مجموعی تجربے کو بہتر بنانا ہے، یہ پالیسی سعودی عرب کے ویژن 2030 سے ہم آہنگ ہے جس میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سخت سروس کے معیارات کے ذریعے مذہبی سیاحت اور زیارات کے تجربے کو بہتر بنانا شامل ہے، یہ اقدام وزارتِ سیاحت کے ساتھ مل کر شروع کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وزارتِ حج و عمرہ نے کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ ان ہوٹلوں میں رہائش کو محدود کریں جو لائسنس یافتہ اور وزارتِ سیاحت سے منظور شدہ ہیں اور نسک مسار پلیٹ فارم کے ذریعے تمام معاہدوں کی دستاویز بندی کی جائے، تمام لائسنس یافتہ عمرہ آپریٹرز، ایجنٹس اور کمپنیوں کو مکمل تعمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، تصدیق شدہ ہوٹل کے معاہدوں کو اپ لوڈ کرنے میں ناکامی ویزہ میں تاخیر، مسترد ہونے یا جرمانے کا باعث بن سکتی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ نسک مسار پلیٹ فارم عمرہ سے متعلق ہر طرح کی بکنگ کا انتظام کرنے کا مرکزی پورٹل ہے اور زائرین کو منظور شدہ رہائش بک کرنے، رہائش کے معاہدے اپ لوڈ کرنے، اجازت ناموں کا انتظام کرنے اور متعدد زبانوں میں سفری مواد تک رسائی کو ممکن بناتا ہے، 10 جون 2025ء سے عمرہ ویزوں کا اجراء شروع ہوچکا ہے، سرکاری کیلنڈر کے تحت عمرہ ویزوں کا اجراء 10 جون 14 ذو الحجہ سے شروع کیا گیا۔

معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب کی وزارت حج کی جانب سے عمرہ کمپنیوں اور ٹور آپریٹرز کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، زائرین کے لیے عمرہ ویزے ماہ رمضان کے اختتام تک جاری کرائے جاسکتے ہیں، یکم شوال سے عمرہ ویزے بند ہونے کے بعد صرف جاری شدہ ویزہ ہولڈر ہی عمرے کے لیے 15 شوال 1447 ہجری تک مملکت آسکیں گے، عمرہ ویزوں پر سعودی عرب مملکت آنے والوں کے لیے آئندہ برس حج سیزن سے قبل یعنی 15 ذوالقعدہ 1447 ہجری تک اپنے ممالک واپسی لازمی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :