Live Updates

وزیر توانائی سے اقوامِ متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی ملاقات ،کسانوں کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال

پیر 1 ستمبر 2025 17:13

وزیر توانائی سے اقوامِ متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے اقوامِ متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے ملاقات کی۔وفاقی وزیر نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔ ملاقات میں سیالکوٹ اور حافظ آباد سمیت سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال اور متاثرہ عوام خصوصاً کسانوں کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

محمد یحییٰ نے کہا کہ پاکستان کا کاربن اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے تاہم اسے ماحولیاتی تبدیلی کے شدید نقصانات کا سامنا ہے۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے توانائی ٹرانزیشن ناگزیر ہے اور اقوامِ متحدہ تکنیکی و مالی معاونت فراہم کرنے کو تیار ہے تاہم ایک واضح قومی بیانیہ تشکیل دینا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک نے توانائی کے شعبے میں ٹرانزیشن اور کلائمیٹ فنانسنگ کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ گھانا نے کوئلے سے توانائی حاصل کرنے کی بجائے متبادل ذرائع پر منتقل ہونے کے لیے 8 ارب ڈالر کا مطالبہ کیا، جبکہ نائیجیریا اور انڈونیشیا بھی کلائمیٹ فنڈز سے استفادہ کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ پی پی ایم سی کا گرین فنانسنگ ڈویڑن اور بین الوزارتی کمیٹی اس مقصد کے لیے فعال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بغیر امداد کے بھی قابل تجدید توانائی کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف کے کاموں میں قابل ستائش کردار ادا کر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے زور دیا کہ انفراسٹرکچر کی بحالی پرانی طرز پر نہیں بلکہ مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے۔ مسٹر یحییٰ نے اس سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان کے ساتھ مل کر جامع ’’پوسٹ ڈیزاسٹر اسیسمنٹ‘‘ضروری ہے تاکہ پائیدار اور محفوظ ڈھانچے تشکیل دیے جا سکیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات