Live Updates

جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے جامع مکالمے کی ضرورت ہے ،وزیراعظم

پیر 1 ستمبر 2025 17:34

جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے جامع مکالمے کی ضرورت ہے  ،وزیراعظم
تیانجن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے جامع مکالمے کی ضرورت ہے ، پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک سے معمول کے تعلقات کا خواہا ں ہے،امن ، ترقی اور خوشحالی کیلئے ایس سی او رکن ممالک کے ساتھ مل کر کوششیں جاری رکھیں گے،ایران پر اسرائیل کی بلا جواز جارحیت قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے،غزہ میں جاری ظلم اور بھوک ہمارے اجتماعی ضمیر پر نہ ختم ہونے والا زخم ہے،ظلم و خونریزی کے فوری خاتمے کے مطالبہ کا اعادہ کرتے ہیں،پاکستان شدید بارشوں، گلوبل وارمنگ، کلائوڈ برسٹ اور تباہ کن سیلاب کی لپیٹ میں ہے، عالمی برادری خصوصاً چین کی طرف سے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،بلوچستان و خیبر پختونخوا میں دہشت گرد حملوں میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں،گھنائونے جرائم کے ذمہ داروں اور ان کے سہولت کاروں کو جوابدہ ہونا ہوگا۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو چین کے شہر تیانجن میں منعقدہ 25ویں ایس سی او سربراہان مملکت کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیراعظم نے تیانجن میں موجودگی کو اپنے لئے باعث فخرقرار دیتے ہوئے کہا کہ تیانجن چین کی بنیادی قدروں کی نمائندگی اورتہذیبوں اور ثقافتوں کیلئے پل کا کردار ادا کرتا ہے،تیانجن میں ہم اسی جذبے کی تجدید کیلئے جمع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاندارمیزبانی اور بھرپور انتظامات پر چین کے صدر اورحکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے ازبکستان اور کرغزستان کو ان کے یوم آزادی پر مبارکباد دی۔وزیراعظم نے کہا کہ ایس سی او علاقائی تعاون و انضمام کے فروغ کیلئے پاکستان کے دیرپا عزم کی عکاسی ہے،چین کی کامیابی صدرشی جن پنگ کی مدبرانہ اور بصیرت افروز قیادت کا مظہر ہے،چین کی عالمی قیادت ایس سی او ہی نہیں بلکہ کئی علاقائی اور بین الاقوامی فورمز اور نمایاں اقدامات میں نظر آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کثیرجہتی مکالمے اور سفارت کاری کی طاقت پر یقین رکھتا ہے،کسی بھی ملک کیلئے خودمختاری اورعلاقائی سالمیت سے بڑھ کرکچھ نہیں ،پاکستان ایس سی او ارکان اور ہمسایہ ممالک کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم تمام بین الاقوامی اور دو طرفہ معاہدوں کا احترام کرتے ہیں ،معاہدوں کے مطابق پانی تک بلا رکاوٹ رسائی ایس سی او کے مقاصد کو مزید مستحکم کرے گی۔

انہوں نے تمام ہمسایہ ممالک سے معمول کے تعلقات کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ معمول کے تعلقات کیلئے بات چیت اور سفارت کاری کے خواہاں ہیں،امن ، ترقی اور خوشحالی کیلئے ایس سی او رکن ممالک کے ساتھ کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے جامع مکالمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ اور ایس سی او کے چارٹرز پر عمل کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا۔

وزیر اعظم نے ایران پر اسرائیل کی بلا جواز جارحیت کوقابل مذمت اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ جامع مکالمے سے تمام دیرینہ مسائل حل کئے جاسکیں گے،غزہ میں جاری ظلم اور بھوک ہمارے اجتماعی ضمیر پر نہ ختم ہونے والا زخم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منظور کردہ دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے،غزہ میں جاری ظلم و بربریت اور بھوک ہمارے ضمیر پر بوجھ ہے،ظلم و خونریزی کے فوری خاتمے کے مطالبے کا اعادہ کرتے ہیں۔

انہوں نے دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کوپورے خطے کے لئے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی ہرشکل اور ہر صورت کی مذمت کرتا ہے،دنیا سیاسی مفادات کیلئے دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے والے ممالک کے جھوٹے بیانیے کو تسلیم نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان و خیبر پختونخوا میں دہشت گرد حملوں میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں،گھنائونے جرائم کے ذمہ داروں اور ان کے سہولت کاروں کو جوابدہ ہونا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں،پاکستان نے صرف اپنے لئے نہیں بلکہ پورے خطے اوردنیا کیلئے قربانی دی،ہم نے 90 ہزار سے زائد قیمتی جانیں قربان کی ہیں،مائوں، بچوں، انجینئرز، ڈاکٹرز، سائنس دانوں، شہریوں اور افسران نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔وزیراعظم نیافغانستان کو برادر ہمسایہ ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستحکم افغانستان نہ صرف ہمارے بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے،ہم افغان قیادت کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنا رہے ہیں تاکہ اچھے ہمسائے اور معاشی شراکت دار کے طور پر افغانستان کو ساتھ لے کر چل سکیں،امید ہے کہ یہ تعاون اور سہ فریقی ملاقاتیں مستقبل میں مثبت نتائج دیں گی۔

وزیراعظم نے خطے میں روابط کے فروغ کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان ایک بہترین منصوبہ ہے،چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) اس وڑن کی عملی مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس سی او کے مقاصد، علاقائی روابط اورمعاشی انضمام کی تکمیل میں علاقائی روابط مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں،مستحکم سپلائی چینز کیلئے قابل بھروسہ زمینی، فضائی اور ریلوے راستوں کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاکوپاکستان میں شدید بارشوں، گلوبل وارمنگ، کلائوڈ برسٹ اور تباہ کن سیلاب کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلابوں نے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع کیا ہے، انفراسٹرکچر، املاک ، فصلوں اور مویشیوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری خصوصاً چین کی طرف سے سیلاب کی صورتحال میں اظہار یکجہتی اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،ہمارے بہادر اور ثابت قدم عوام ریسکیو اوربحالی کے کاموں میں مصروف ہیں،ہم سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچائو کیلئے نئی امید کا راستہ تراش رہے ہیں۔

انہوں نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں پاکستان کی متاثر کن معاشی بحالی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا معاشی تبدیلی کا منصوبہ تین ستونوں پر مبنی ہے،تجارت، انفراسٹرکچر، زراعت، آئی ٹی اورمعدنی وسائل میں نئی سرمایہ کاری معاشی تبدیلی کا پہلا ستون ،تحقیق اورجدت طرازی کی حوصلہ افزائی معاشی تبدیلی کا دوسرا ستون جبکہ جامع ٹیکس اصلاحات کے ذریعے محصولات میں اضافہ معاشی تبدیلی کا تیسرا ستون ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو با اختیار بنارہے ہیں، انہیں با مقصد روزگار اور مثبت مواقع فراہم کررہے ہیں،مہنگائی میں کمی، کرنٹ اکائونٹ سرپلس اور سٹاک مارکیٹ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ وزیراعظم نے ایس سی او کے چارٹرکے ساتھ غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’شنگھائی اسپرٹ ‘‘کی اعلیٰ اقدار کو برقرار رکھنے کیلئے اپنے عہد کا اعادہ کرتے ہیں ، آگے کا سفر طویل اورکٹھن ہوگا،کبھی تیز دھوپ، کبھی سخت سرد ہوائیں ہمارے حوصلوں، صبر اور عزم کا امتحان لیں گی تاہم ہمارا مقصد ہمیں تمام مشکلات کو برداشت کرنے کے قابل بناتا ہے۔

وزیراعظم نے ایس سی او کے رکن ممالک کے ساڑھے تین ارب عوام کیلئے امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مل کر ا س سفرکو جاری رکھیں گے۔وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں ہم نے 152ارب ڈالر سے زائد کے معاشی نقصانات برداشت کئے،پاکستان جتنی قربانیوں کی مثال تاریخ میں کہیں نہیں ملتی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات