- اسرائیل کا ایران کے نئے تعینات کردہ اعلیٰ فوجی کمانڈر کی ہلاکت کا دعویٰ
اسرائیل کا ایران کے نئے تعینات کردہ اعلیٰ فوجی کمانڈر کی ہلاکت کا دعویٰ
اسرائیلی فوج نے ایران کے ’’وار ٹائم چیف آف اسٹاف اور اعلیٰ ترین فوجی کمانڈر‘‘ میجر جنرل علی شادمانی کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق جنرل شادمانی پیر اور منگل کی درمیانی شب وسطی تہران میں کیے گئے ایک اسرائیلی فضائی حملے میں مارے گئے۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ’’درست انٹیلیجنس‘‘ کی بنیاد پر کی گئی۔ ایران کی جانب سے فوری طور پر اس ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی۔شادمانی نے جنرل غلام علی راشد کے جانشین کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔
(جاری ہے)
جنرل راشد جمعے کے روز اسرائیل کے ایران پر اب تک جاری حملوں کے آغاز میں ہلاک ہو گئے تھے۔ دونوں کمانڈر ایران کے مرکزی فوجی ہیڈکوارٹرز میں تعینات تھے، جو پاسداران انقلاب کے تحت جنرل اسٹاف کا ایک ذیلی ادارہ ہے اور مختلف فوجی یونٹوں کی منصوبہ بندی اور کارروائیوں کا نگران ہے۔
اب تک تہران میں اسرائیلی فضائی حملوں میں تقریباً 20 ایرانی جرنیل مارے جا چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق بعض کمانڈر اپنے گھروں میں نشانہ بنے، جب کہ دارالحکومت کے گنجان آباد علاقوں میں ان حملوں سے درجنوں عام شہری بھی مارے جا چکے ہیں۔