خیبر پختونخوا کے مشیر برائے صحت کی زیر صدارت پانچویں ڈی ایچ او کانفرنس کا انعقاد

منگل 17 جون 2025 19:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) خیبر پختونخوا کے مشیر برائے صحت احتشام علی کی سربراہی میں پانچویں ڈی ایچ او (ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر) کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس اہم اجلاس میں سیکرٹری صحت شاہد اللہ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر محمد سلیم، ڈائریکٹر جنرل ڈرگز ڈاکٹر محمد عباس، ڈائریکٹر آئی ایم یو ڈاکٹر اعجاز، اے ڈی جیز، ڈائریکٹر ای پی آئی، پروجیکٹ ڈائریکٹرز ورٹیکل پروگرامز اور صوبے بھر کے تمام ڈی ایچ اوز نے شرکت کی۔

کانفرنس کا آغاز ڈائریکٹر آئی ایم یو کی جانب سے شرکاء کو پچھلی ڈی ایچ او کانفرنس میں دیے گئے ٹاسک پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرنے سے ہوا۔ اس کے بعد مشیر صحت کو تمام ڈی ایچ اوز کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

احتشام علی نے ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے زیر انتظام ہسپتالوں کے باقاعدگی سے دورے کریں، او پی ڈی (آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ) کی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور ادویات کی بلا تعطل فراہمی پر خصوصی توجہ دیں۔

سیکرٹری صحت شاہد اللہ نے ڈی ایچ اوز کو جاری ہائرنگ کے عمل پر توجہ دینے اور اپنے دفاتر کے امور کو کلریکل سٹاف پر چھوڑنے کی بجائے خود سنبھالنے کی تلقین کی۔ انہوں نے تقرریوں میں میرٹ کو ہر صورت یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔کانفرنس کے دوران مشیر صحت کو صوبے میں پولیو کی صورتحال، ادویات کی فراہمی، ایچ آر ایم آئی ایس (ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم)، ایم سی ایچ (میٹرنل اینڈ چائلڈ ہیلتھ)، ایل ایچ ڈبلیو (لیڈی ہیلتھ ورکر) اور ایل ایچ وی (لیڈی ہیلتھ وزیٹر) کی کارکردگی سمیت ڈاکٹرز کی حاضری کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مشیر صحت کو بتایا گیا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر کمیٹیوں کے فنڈ میں 150 ملین روپے موجود ہیں جنہیں مراکز صحت اپنی ضرورت کے مطابق استعمال کر رہے ہیں۔مشیر صحت نے غیر حاضر ڈاکٹرز سمیت دیگر عملے کی تنخواہیں فوری طور پر روکنے کی ہدایت کی۔ احتشام علی نے ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ 942 ملین روپے کی خریدی گئی وہ ادویات جو ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے کلیئر ہو چکی ہیں، انہیں جلد از جلد مراکز صحت میں پہنچا کر عوام کی دسترس میں لایا جائے۔

مشیر صحت کو بتایا گیا کہ مئی کے مہینے میں ڈرگز لیبارٹری کو کل ایک ہزار سے زائد ادویات کے نمونے بھیجے گئے تھے جن میں سے مہینے کے اختتام تک صرف 261 کی تصدیق ہو سکی جبکہ 700سے زائد نمونوں کی تصدیق ابھی ہونا باقی ہے۔کانفرنس کے اختتام پر ضلع ملاکنڈ اور چارسدہ کے ڈی ایچ اوز کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔

متعلقہ عنوان :