گراسپ پراجیکٹ کے تحت مارکیٹنگ ،بزنس پلان پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

منگل 17 جون 2025 20:00

اوتھل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)گراسپ پروجیکٹ کے تحت مارکیٹنگ اور بزنس پلان پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں کسانوں نے بھرپور شرکت کی ۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام اور گراسپ پروجیکٹ کے تحت فارمرز مارکیٹنگ کلیکٹوز کے مرد و خواتین اراکین کے لیے ایک اہم اور بامقصد دو روزہ تربیتی ورکشاپ انعقاد کیا گیا۔

تربیت کا موضوع "مارکیٹنگ اور بزنس پلان کی تیاری" تھا، جس میں اوتھل و بیلہ کی زرعی اور لائیوسٹاک کے شعبے سے وابستہ خواتین و حضرات نے خصوصی طور پر بھرپور شرکت کی۔تربیتی سیشن کی سہولت کاری معروف ماہرِ بزنس و مارکیٹنگ ڈاکٹر غلام جان نے کی، جنہوں نے نہایت پیشہ ورانہ انداز میں شرکاء کو مارکیٹنگ کے بنیادی اصول، بزنس ماڈلز کی اقسام اور عملی بزنس پلاننگ سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر غلام جان نے اپنے خطاب میں کہا، "مارکیٹنگ اور مضبوط بزنس پلان کسی بھی کاروبار کی کامیابی کی بنیاد ہیں، اور خواتین کی اس شعبے میں شمولیت معاشی ترقی کی جانب مثبت قدم ہے۔ٹریننگ کے دوسرے روز ہر خواتین FMC گروپ نے اپنے تفصیلی بزنس پلانز پیش کیے، جن میں مارکیٹ تجزیہ، مصنوعات کی پیداوار، قیمتوں کا تعین، منافع اور توسیعی حکمت عملی جیسے پہلو شامل تھے۔

شرکاء کی جانب سے دی گئی پیشکشوں نے تربیتی مواد کی بہتر تفہیم اور اس کے عملی اطلاق کو واضح طور پر اجاگر کیا۔ایف اے او کے نمائندے خلیل رونجھو نے تربیت میں شریک ہو کر ادارے کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا، "FAO اور GRASP پروجیکٹ کا مقصد خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ نہ صرف مارکیٹ تک رسائی حاصل کر سکیں بلکہ اپنے کاروبار کو اعتماد سے فروغ دے سکیں۔

ایف اے او کی محترمہ زرنین ملک نے بھی تربیتی سیشن میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے خواتین شرکاء کی رہنمائی کی اور ان کی کوششوں کو سراہا۔تربیتی سیشن کے اختتام پر خواتین FMC ممبران نے اس سیشن کو اپنی کاروباری صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔ شرکاء نے FAO اور GRASP پروجیکٹ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اسے خود انحصاری کی جانب عملی پیش رفت قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :