- مکہ مکرمہ میں قائم کردہ فیسلٹیشن سنٹر نے 30,000 سے زائد شکایات کا کامیابی سے ازالہ کیا

منگل 17 جون 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2025ء) پاکستانی حجاج کرام کو حج 2025 کے دوران اور بعد میں مثالی سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومتِ پاکستان کی جانب سے مکہ مکرمہ میں قائم کردہ فیسلٹیشن سنٹر نے 30,000 سے زائد شکایات کا کامیابی سے ازالہ کیا ہے۔ ہزاروں عازمین حج کو سفری مسائل، گمشدہ ٹکٹس،رہائش، کھانے اور دیگر اہم معاملات میں فوری مدد فراہم کی گئی.میڈیا سیل سے گفتگو کرتے ہوئے فیسلٹیشن سنٹر مکہ کی انچارج عائشہ اعجاز نے بتایا کہ یہ مرکز پاکستانی حجاج کی مدد کے لیے خصوصی طور پر ترتیب دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکز چوبیس گھنٹے کام کرتا ہے اور اس میں مختلف خصوصی شعبہ جات قائم کیے گئے ہیں جن میں ڈیپارچر سیل، زونگ ڈیسک، مکتب ڈیسک، مدینہ ڈیپارچر سیل، کمپلینٹس سیل اور 24/7 کال سینٹر شامل ہیں آس موقع پر ارلی ڈیپارچر سیل کے انچارج عبداسمیع لاکہو نے بتایا کہ اب تک 1,500 سے زائد کیسز حل کیے جا چکے ہیں، جن میں پرواز کی تبدیلی، ٹکٹ گمشدگیاور سیٹ کی اپ گریڈیشن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا، ''حجاج کی سہولت کے لیے ائیرلائنز کے خصوصی ڈیسک ان کی رہائش گاہوں کے قریب قائم کیے گئے اس موقع پر کمپلینٹس سیل کے انچارج حافظ عبید اللہ زکریا نے بتایا کہ حج 2025 میں اب تک 30,147 شکایات درج کی گئیں۔ ''ان میں سے 2,446 شکایات کو 24 گھنٹوں کے اندر حل کر لیا گیا، 113 زیرِ کارروائی ہیں، جبکہ 580 شکایات کو غیر مستند قرار دیا گیا،'' انہوں نے کہا کہ رواں سال شکایات کے اندراج کے لیے متعدد ذرائع فراہم کیے گئے جن میں چوبیس گھنٹے کام کرنے والا کال سینٹر، واٹس ایپ، ٹول فری نمبرز اور دیگر پلیٹ فارمز شامل تھے۔

حکام کے مطابق، حج 2024 کی نسبت رواں برس شکایات کی تعداد میں واضح کمی دیکھنے میں آئی، جس کی وجہ انتظامات کا غیر معمولی طور پر منظم ہونا بتایا گیا۔فیسلٹیشن سنٹر کے بروقت اقدامات اور مؤثر شکایات مینجمنٹ نے حج آپریشنز کے لیے ایک نئی مثال قائم کر دی ہے، جسے نہ صرف حکام بلکہ حجاج نے بھی سراہا ہے۔ بیشتر مسائل فوری طور پر حل ہونے کی وجہ سے پاکستانی حجاج پر سکون انداز میں وطن واپس لوٹ رہے ہیں، اور حج 2025 کو حالیہ برسوں کا سب سے منظم حج قرار دیا جا رہا ہے۔۔۔۔ اعجاز خان