ملکی و عالمی حالات کے تناظر میں محرم الحرام حساس قرار، ڈیرہ غازی خان میں سیکیورٹی اقدامات سخت کرنے کا فیصلہ

منگل 17 جون 2025 22:50

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) موجودہ ملکی و بین الاقوامی حالات کے پیش نظر رواں برس محرم الحرام کو حساس قرار دیا گیا ہے،ڈیرہ غازی خان میں سیکیورٹی، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ امور سے متعلق سخت اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قدسیہ ناز، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر نذر حسین کورائی سمیت وفاقی و صوبائی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں سے کنٹی جنسی پلان طلب کر لیے گئے۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں اور دیگر حساس مقامات کی سیکیورٹی چیکنگ کی جائے گی، جبکہ ہوٹلز، سرائے اور جلوسوں کے روٹس کے قریب واقع خالی یا ویران عمارتوں کی بھی مکمل چھان بین کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ فرقہ وارانہ نوعیت کی وال چاکنگ، نعرے، بینرز اور پینا فلیکس فوری طور پر ہٹائے جائیں اور تجاوزات کے خلاف مؤثر آپریشن کیا جائے۔ تمام مجالس اور جلوسوں کی آڈیو و ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی، جبکہ غیر قانونی طور پر منعقد کی جانے والی مجالس و جلوسوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔اجلاس میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کا اعلان کیا گیا، اور منتظمین کے تعاون سے جنریٹرز و دیگر متبادل ذرائع کی تیاری کی ہدایات دی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سڑکوں اور گلیوں کی اسٹریٹ لائٹس کو فعال کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔