اورکزئی، دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پرحملہ، پولیس جوان شہید

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا،شہید پولیس اہلکار کی لاش ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی گئی

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 18 جون 2025 12:41

اورکزئی، دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پرحملہ، پولیس جوان شہید
اورکزئی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جون 2025)اورکزئی میں دہشت گردوں کا پوسٹ چیک پوسٹ پرحملہ،پولیس جوان شہیدہوگیا،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیاگیا،اورکزئی کے علاقے گنڈی تال میں دہشت گردوں نے اچانک پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پولیس کا جوان تاجدار علی شہید ہو گیا۔

شہید پولیس اہلکار کی لاش ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔پولیس کے مطابق حملے کے فوری بعد بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور دہشت گردوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اورکزئی میں دہشت گردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھاجس کے نتیجے میں اے ایس آئی عنایت شہید ہو گئے تھے۔پولیس حکام کے مطابق واقعہ اپر اورکزئی تھانہ غلجو کی حدود میں پیش آیا تھاجہاں دہشت گردوں نے کڑاپہ چیک پوسٹ پر حملہ کیا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں اے ایس آئی عنایت شہید ہو گئے تھے۔واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پہاڑی علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور دہشت گردوں کی تلاش کیلئے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی تھیں۔پولیس حکا م کا یہ بھی کہنا تھا کہ حملہ گزشتہ رات کیا گیا تھا اور اس دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہواتھا جس کے بعد دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔پولیس جوانوں نے دہشت گردوں کا جوان مردی سے مقابلہ کیا اس دوران پولیس اور فرنٹیئر کور کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی تھی۔شہید سب انسپکٹر عنایت خان کی نمازجنازہ اورکزئی ہیڈکوارٹر کلایہ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی تھی جس میں ڈپٹی کمشنر’ڈی پی او اور دیگر اعلیٰ عسکری و پولیس حکام نے شرکت کی تھی۔