حکومت کا غیر رجسٹرڈ عازمین سے بھی حج درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ

رجسٹرڈ عازمین 4 سے 9 اگست تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں تاہم رجسٹرڈ عازمین سے حج کوٹہ مکمل نہ ہونے کا خدشہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 اگست 2025 12:10

حکومت کا غیر رجسٹرڈ عازمین سے بھی حج درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اگست 2025ء ) وفاقی حکومت نے غیر رجسٹرڈ عازمین سے بھی حج درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ رجسٹرڈ عازمین سے حج درخواستوں کی وصولی پیرسے شروع کی جائے گی، رجسٹرڈ عازمین سرکاری سکیم کے تحت درخواستیں 4 سے 9 اگست تک جمع کرا سکتے ہیں، تاہم رجسٹرڈ عازمین سے سوا لاکھ کا حج کوٹہ اس بار بھی مکمل نہ ہونے کا خدشہ ہے اس لیے وزارت مذہبی امورنے کم درخواستوں کے خدشے پر غیر رجسٹرڈ عازمین کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ غیر رجسٹرڈ عازمین سے درخواستوں کی وصولی 11 سے 16 اگست تک جاری رہے گی، درخواستیں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی، حج درخواستوں کے لیے پہلا موقع رجسٹرڈ عازمین کو دیا جائے گا، 38 سے 42 روزہ حج کے لیے 5 لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے جب کہ 20 سے 25 روزہ مختصر حج کی پہلی قسط کے طور پر ساڑھے 5 لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف نجی سکیم کے تحت رواں سال حج سے محروم رہ جانے والے ہزاروں عازمین کیلئے ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور نے بھی اس پیشرفت کی باقاعدہ تصدیق کی ہے، جس کے تحت یہ عازمین آئندہ برس بغیر کسی اضافی رقم کے حج ادا کر سکیں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی حج آپریٹرز کی نمائندہ تنظیم حج آرگنائزیشن ایسوسی ایشن پاکستان (ہوپ) نے وزارت مذہبی امور کو یقین دہانی کرائی ہے کہ رواں سال حج سے رہ جانے والے 25 سے 26 ہزار عازمین کو آئندہ سال حج پر بھیجا جائے گا اور ان سے دوبارہ کوئی اضافی رقم وصول نہیں کی جائے گی کیوں کہ مذکورہ عازمین کی طرف سے جمع کروائی گئی رقم اب بھی سعودی عرب میں محفوظ ہے، سعودی عرب کے بینکنگ سسٹم میں ”والٹ“ اکاؤنٹس کے تحت ان عازمین کے تقریباً 490 ملین سعودی ریال (تقریباً 36 ارب پاکستانی روپے) موجود ہیں۔