جڑواں شہروں میں حدود کے کسی مسئلے کو پبلک سروس ڈیلیوری میں روکاوٹ نہ بننے دیا جائے، وفاقی سیکرٹری داخلہ کی کمشنر راولپنڈی کے ہمراہ اجلاس میں ہدایت

بدھ 18 جون 2025 14:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) وفاقی سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر) خرم آغا نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کے ہمراہ جڑواں شہروں کے انتظامی معاملات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کا مقصد جڑواں شہروں کی ٹیمز کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بہتر کرنا ہے تاکہ پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جڑواں شہر ہر گزرتے دن کے ساتھ اکائی میں بدلتے جا رہے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ حدود کے کسی مسئلے کو پبلک سروس ڈیلیوری میں روکاوٹ نہ بننے دیا جائے۔ حدود کی تعین کرتے ہوئے عوام کو درپیش مسائل کا فوری حل نکالیں اور ایک مشترکہ ٹیم کی صورت باہمی تعاون سے تمام مسائل کا حل نکالا جائے۔ اس موقع پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے سی ڈی اے کے واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے فیڈرل سیکرٹری نے ان کے ڈیوز فوری کلیئر کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

نیز سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ ان رجسٹرڈ ہاؤسنگ سوسائٹیز کو پابند کیا جائے کہ وہ راولپنڈی کی حدود میں ڈمپنگ سائٹس نہ بنائیں۔ انہوں نے 26 نمبر چونگی پر غیر قانونی اڈوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ اس کا کوئی متبادل پلان کیا جائے۔ واسا کی جانب سے پانی کی کمی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے نکات پر فیڈرل سیکرٹری نے ٹیوب ویلز کے علاوہ رین واٹر ہار ویسٹنگ اور پارکس میں انڈر گراؤنڈ ریزوائرز بنانے کا ایک تفصیلی پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے کہا کہ مری میں رین واٹر ہارویسٹنگ کا پائلٹ پراجیکٹ کامیاب رہا، اسی ماڈل کو یہاں بھی اپنایا جائے تاکہ مون سون کے دوران ضائع ہونے والے بے تحاشا پانی کو ذخیرہ کر کے مقامی ضروریات کو کسی حد تک پورا کیا جا سکے۔ راولپنڈی انتظامیہ کی جانب سے سوشل سکیورٹی اور سبزی منڈی کے علاقوں میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو بڑھانے کی درخواست پر انہوں نے ان علاقوں میں ہیومن ریسورس بڑھا کر سوئپنگ سرگرمیوں میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :