Live Updates

محکمہ تعلیم /ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کیلئے مالی سال 2025-26میں3 ارب 10کروڑ روپے بشمول بیرونی امداد مختص کیے جانے کی تجویز

بدھ 18 جون 2025 16:54

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)وزیرخزانہ آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر عبدالماجد خان نے اپنی بجٹ تقریر میں ایوان میں بتایاکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25ء میں محکمہ تعلیم /ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کیلئے 39کروڑ14لاکھ ر وپے مہیا کیے گئے ہیں۔ اس رقم سے 4پرائمری اور 29مڈل سکولز کی عمارات کی تعمیر،12ہائی سکولوں کی مرمتی و اضافی مکانیت کے ساتھ ساتھ 75سکولز کے ہمراہ واشرومز کی تعمیر کا کام مکمل کر لیاگیا ہے۔

علاوہ ازیں111ہائی و ہائیر سیکنڈری سکولز کو فرنیچر فراہم کر دیا گیا ہے جبکہ 300پرائمری اور 315 مڈل سکولز میں فرنیچر اور دیگر سامان کا جاریہ کام آمدہ مالی سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔ عدالتی فیصلہ جات کی روشنی میں حصول اراضی کے لئے معاوضہ جات کی ادائیگیاں بھی زیر کار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آمدہ مالی سال 2025-26میں اس شعبہ کے لیی3 ارب 10کروڑ روپے بشمول بیرونی امداد مختص کیے جانے کی تجویز ہے ۔

اگلے مالی سال کے دوران32 سکولز کی عمارات مکمل کی جائیں گی۔علاوہ ازیںایک ارب 96کروڑ روپے مالیت کے مختص شدہ فنڈز سے حکومتی ترجیحات اور عوامی ضروریات کے پیش نظر آزادکشمیر بھر میں مختلف ادارہ جات کے لیے نئی عمارات کی تعمیر، موجودہ عمارات کی تزئین و آرائش، چار دیواری، صاف پانی اور سامان کی فراہمی کے منصوبہ جات شامل کرنے کی تجویز ہے۔ مزید برآں، اسلامی ترقیاتی بنک کے مالی تعاون سے آوٹ آف سکول چلڈرن (Out of School Children) کیلئے ایک منصوبہ بھی منظور ہو چکا ہے جس کے تحت 60ہزار بچوں کو تعلیم دلوانے کے علاوہ 135 پرائمری سکولوں کی تعمیر اور اساتذہ کی تربیت بھی شامل ہے۔۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات