صوبائی محکمہ صنعت و تجارت اور چین کے سکائی ویل نیو انرجی وہیکلز گروپ کے مابین سرمایہ کاری کا معاہدہ ، چینی گروپ پنجاب کے سپیشل اکنامک زون میں 75ایکڑ رقبے پر الیکٹرک وہیکلز کا اسمبلنگ پلانٹ لگائے گا

بدھ 18 جون 2025 17:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) محکمہ صنعت و تجارت اورچین کے سکائی ویل نیو انرجی وہیکلز گروپ کے مابین پنجاب میں سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پاگیا۔معاہدے کی رو سے چین کا سرمایہ کار گروپ الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔چینی گروپ پنجاب کے سپیشل اکنامک زون میں 75ایکڑ رقبے پر الیکٹرک وہیکلز کا اسمبلنگ پلانٹ لگائے گا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور چین کی کمپنی کے سی ای او بیون ہین نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔چین کے گروپ نے الیکٹرک بسوں، کاروں،ٹو ویلرز،تھری ویلرز اور دیگر الیکٹرک گاڑیوں کے بزنس میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔ چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چین کے سرمایہ کاروں کی الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں،حکومت چین کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں الیکٹرک گاڑیوں کا اسمبلنگ پلانٹ لگانے کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کرے گی،وزیر اعلی مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت ای وی سیکٹر کے فروغ کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ صوبے میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا فروغ حکومت کی پہلی ترجیح ہے،ای پروڈکٹس،بیٹریاں،چارجنگ اسٹیشنز اور الیکٹرک گاڑیوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو ہرممکن سہولیات دے رہے ہیں، پنجاب میں صنعتکاری کا فروغ اور نئی سرمایہ کاری لانا میرا عزم ہے،پنجاب میں نئی صنعتیں لگنے سے لوگوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیرصنعت و تجارت نے کہاکہ چین سمیت دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں مکمل تحفظ حاصل ہے،ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات دی جارہی ہیں،پنجاب میں سازگار ماحول کے باعث تیزی سے نئی سرمایہ کاری آرہی ہے۔سی ای او سکائی ویل نیو انرجی وہیکلز گروپ چائنا مسٹر بیون ہین نے کہاکہ ہمارا گروپ لوکل مارکیٹ کے ساتھ برآمد کیلئے بھی الیکٹرک وہیکلز تیار کرے گا۔پیسک ہائوس میں منعقدہ تقریب میں چینی کمپنیوں کے حکام بھی موجود تھے۔