محکمہ صنعت و تجارت اور سکائی ویل نیو انرجی وہیکلز گروپ آف چائنا کے مابین پنجاب میں سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پاگیا

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور چین کی کمپنی کے سی ای او مسٹر بیون ہین نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے

بدھ 18 جون 2025 18:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)محکمہ صنعت و تجارت اور سکائی ویل نیو انرجی وہیکلز گروپ آف چائنا کے مابین پنجاب میں سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پاگیا۔معاہدے کی رو سے چین کا سرمایہ کار گروپ الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔چین کا گروپ پنجاب کے سپیشل اکنامک زون میں 75 ایکڑ رقبے پر الیکٹرک وہیکلز کا اسمبلنگ پلانٹ لگائے گا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور چین کی کمپنی کے سی ای او مسٹر بیون ہین نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔چین کے گروپ نے الیکٹرک بسوں، کاروں ،ٹو ویلرز ،تھری ویلرز اور دیگر الیکٹرک گاڑیوں کے بزنس میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چین کے سرمایہ کاروں کی الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت چین کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں الیکٹرک گاڑیوں کا اسمبلنگ پلانٹ لگانے کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت ای وی سیکٹر کے فروغ کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ صوبے میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا فروغ حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ای پروڈکٹس ،بیٹریاں،چارجنگ اسٹیشنز اور الیکٹرک گاڑیوں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو ہرممکن سہولیات دے رہے ہیں۔

پنجاب میں صنعتکاری کا فروغ اور نئی سرمایہ کاری لانا میرا عزم ہے۔پنجاب میں نئی صنعتیں لگنے سے لوگوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیرصنعت و تجارت پنجاب نے کہاکہ چین سمیت دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں مکمل تحفظ حاصل ہے۔ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات دی جارہی ہیں۔پنجاب میں سازگار ماحول کے باعث تیزی سے نئی سرمایہ کاری آرہی ہے۔سی ای او سکائی ویل نیو انرجی وہیکلز گروپ چائنا مسٹر بیون ہین نے کہاکہ ہمارا گروپ لوکل مارکیٹ کے ساتھ برآمد کیلئے بھی الیکٹرک وہیکلز تیار کرے گا۔پیسک ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں ،چینی کمپنیوں کے حکام بھی موجود تھے۔