الزامات لگنے کے بعد اسکول چھوڑ دیا تھا، نورے ذیشان

بدھ 18 جون 2025 22:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2025ء) ابھرتی ہوئی اداکارہ نورے ذیشان نے کہا ہے کہ اسکول میں الزامات لگائے جانے کے بعد انہوں نے اسکول چھوڑ کر پرائیویٹ طور پر تعلیم مکمل کرنا شروع کی۔نورے ذیشان نے حال ہی میں نجی ٹی وی شو میں میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے محض 12 سال کی عمر میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام شروع کردیا تھا اور پہلی بار انہیں اشتہار میں کام ملا۔

ان کے مطابق وہ والد کے ہمراہ مِختلف پروڈکشن ہاوسز میں جاکر آڈیشن دیتی رہیں، انہیں متعدد بار مسترد کیا گیا لیکن پھر انہیں مواقع بھی ملے۔انہوں نے بتایا کہ بہت سارے ہدایت کاروں نے انہیں کہا کہ وہ اداکاری کرنے کے قابل نہیں، ان سے اداکاری نہیں ہو پائے گی لیکن آج وہ اداکاری کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر بتایا کہ متعدد ہدایت کاروں نے ان کی حوصلہ شکنی کی، جس کے بعد انہیں بھی محسوس ہونے لگا کہ واقعی وہ اداکاری نہیں کر سکتیں۔

نورے ذیشان نے کہا کہ انہوں نے مختلف پروڈکشن ہاوسز میں آڈیشن دینے کا سلسلہ جاری رکھا، اسی دوران انہیں پرورش میں کاسٹ کرلیا گیا، جس کے بعد ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ پرورش کی کامیابی کے بعد اب لوگ انہیں پہچاننے لگے ہیں، انہیں مداحوں کی جانب سے پہچانے جانے پر خوشی ہوتی ہے۔شادی سے متعلق سوال پر انہوں نے بتایا کہ ان کے اوپر والدین کا کوئی دباو نہیں، ابھی ان کی عمر میں 15 سال ہے، والدہ نے انہیں بیرون ممالک تک کام کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔

انہوں نے یہ شکوہ بھی کیا کہ انٹرنیٹ اور گوگل پر ان کی عمر 27 سال لکھی ہوئے ہے جب کہ ان کی عمر محض 15 سال ہے، انہوں نے یہ بھی شکوہ کیا کہ بعض لوگ انہیں سامنے بھی 30 سال کا کہتے ہیں۔نورے ذیشان نے ایک سیگمنٹ میں کہا کہ اداکار علی رضا پر انہیں کرش ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ پڑھائی میں اچھی نہیں تھیں اور نہ ہی انہیں پڑھائی کرنا اچھا لگتا ہے، خصوصی طور پر انہیں ریاضی سے الجھن ہوتی ہے۔

ان کے مطابق انہوں نے اسکول میں پڑھائی کے دوران ہی ماڈلنگ اور اشتہارات میں کام کرنا شروع کردیا تھا، جس پر ان اساتذہ اور اسکول والے بھی ناراض ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اسکول والوں اور اساتذہ نے انہیں بتایا کہ شوبز اچھی فیلڈ نہیں ہے، انہیں وہاں کام نہیں کرنا چاہیئے۔ان کے مطابق ان کے شوبز میں کام کرنے کی وجہ سے اسکول والوں نے ان پر الزامات بھی لگائے کہ وہ بچوں کو بھی خراب کر رہی ہیں، جس کے بعد انہوں نے اسکول چھوڑ دیا۔نورے ذیشان کا کہنا تھا کہ انہوں نے نو جماعتیں مکمل کرلی ہیں، اب وہ میٹرک کے امتحانات پرائیویٹ دیں گی۔