سوات،ٹر یفک وارڈن پولیس کی جانب سے نمایاں کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں میں انعامات کی تقسیم

سزا و جزا کا عمل جاری رہے گا، غفلت برتنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی، ایس پی ٹریفک حبیب اللہ خان

بدھ 18 جون 2025 20:30

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)ٹریفک وارڈن پولیس سوات کے زیر اہتمام ٹریفک ہیڈکوارٹر رحیم آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ٹریفک پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایس پی ٹریفک وارڈن حبیب اللہ خان نے بہتر کارکردگی کے حامل اہلکاروں میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی ٹریفک وارڈن حبیب اللہ خان نے کہا کہ ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار عوام سے خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آئیں، "پہلے سلام، پھر کلام" کی پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں۔انہوں نے کہا کہ اہلکار شہریوں میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک وارڈن پولیس میں سزا و جزا کا عمل جاری رہے گا، جہاں اچھی کارکردگی پر اہلکاروں کو سراہا جائے گا، وہیں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایس پی ٹریفک وارڈن نے مزید ہدایت کی کہ شہر میں نو پارکنگ زون میں گاڑیاں کھڑی کرنے والوں اور تجاوزات مافیا کے خلاف بلاتعطل کارروائی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور جو اہلکار اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برتیں گے، ان کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔