حکومتِ پاکستان کا 15 سالہ زیرو کوپن اسلامک بانڈز کا تاریخی اجرا، 1.2 ٹریلین روپے سے زائد رقم کا کامیاب حصول

بدھ 18 جون 2025 23:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) حکومتِ پاکستان کی جانب سے 15 سالہ زیرو کوپن اسلامک بانڈز کا تاریخی اجرا، 1.2 ٹریلین روپے سے زائد رقم کا کامیاب حصول سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی اور معیشت پر اعتماد کا اظہارہے۔وزارتِ خزانہ نے بدھ کوسرکاری بانڈز کی ایک بڑی نیلامی کے ذریعے 1.2 ٹریلین روپے سے زائد رقم کامیابی سے حاصل کر لی ہے۔

اس نیلامی میں پہلی بار 15سالہ زیرو کوپن اسلامک بانڈ متعارف کرایا گیا، جسے سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی اور اس کے ذریعے 47 ارب روپے سے زائد جمع کئے گئے۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ نیا بانڈ ہر سال منافع (سود) ادا نہیں کرتا بلکہ سرمایہ کاروں کو پندرہ سال کے آخر میں ایک یکمشت رقم ادا کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اس طریقے سے حکومت کو قلیل مدتی قرض کی واپسی کے دباؤ سے نجات ملتی ہے اور مالی منصوبہ بندی بہتر انداز میں ممکن ہوتی ہے۔

سرمایہ کاروں کا مثبت ردعمل اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ پاکستان کی معیشت اور حکومتی اصلاحات پر اعتماد رکھتے ہیں۔بیان کے مطابق یہ اقدام حکومت کی وسیع تر حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد قرضوں کے خطرات کم کرنا، ادائیگی کی مدت کو بڑھانا ،اسلامی اور طویل مدتی مالیاتی مصنوعات کو فروغ دینا ہے۔ دیگر سرکاری بانڈز کی منافع بخش شرح میں کمی بھی دیکھی گئی ہے، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ مالیاتی منڈیوں میں افراطِ زر میں کمی اور شرحِ سود میں ممکنہ کمی کی امید پیدا ہو رہی ہے۔

پاکستان کے اندرونی قرضے اب زیادہ مستحکم ہو رہے ہیں۔ مقامی قرضوں کی اوسط واپسی مدت گزشتہ سال 2.7 سال تھی، جو اب بڑھ کر 3.75 سال ہو گئی ہے۔ اس سے حکومت پر قرضوں کی فوری واپسی کا دباؤ کم ہو رہا ہے۔ مزید یہ کہ اب صرف بینک ہی نہیں بلکہ پنشن فنڈز اور انشورنس کمپنیاں بھی سرکاری بانڈز میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں، جس سے مالیاتی خطرات بکھرتے ہیں اور مقامی سرمایہ کاروں کی بنیاد وسیع ہوتی ہے۔

وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ 15 سالہ زیرو کوپن اسلامک بانڈز کا تاریخی اجرا اور 1.2 ٹریلین روپے سے زائد رقم کا کامیاب حصول پاکستان کے مالیاتی نظام کو مضبوط اور مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم قرض لینے کے نئے سمارٹ طریقے متعارف کرا رہے ہیں جو خطرات کو کم کرتے ہیں اور سرمایہ کاروں کو مزید متبادل فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہمارا مقصد ہے کہ عوامی قرضے کو ذمہ داری سے منظم کیا جائے، اسلامی مالیات کو فروغ دیا جائے اور طویل مدتی سرمایہ کاری کو معیشت کی ترقی کے لیے راغب کیا جائے۔وزارتِ خزانہ عام شہریوں کے لیے بھی حکومت کے بانڈز خاص طور پر اسلامی بانڈز میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے پر کام کر رہی ہے تاکہ بچت کے رجحان کو فروغ دیا جا سکے اور مالیاتی شمولیت کو ممکن بنایا جا سکے۔عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود آج کی کامیاب نیلامی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی معیشت سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کر رہی ہے اور درست سمت میں گامزن ہے۔