اسلحہ و شراب برآمدگی کیس؛ علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس حوالے سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصراللہ بلوچ نے سماعت کی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 19 جون 2025 12:42

اسلحہ و شراب برآمدگی کیس؛ علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون 2025ء ) عدالت نے اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں سیشن عدالت نے علی امین گنڈاپور کے پیش ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے، اس حوالے سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصراللہ بلوچ نے سماعت کی، وکیل راجہ ظہور الحسن عدالت پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز پر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ’مجھے بولنے کی اجازت ہے؟ کیا لائسنس کا پوچھنا جرم ہے؟ مجھے ایوارڈ دینا چاہیئے لیکن مجھ پر ہی آڈیو لیک کا مقدمہ درج کردیا گیا‘، اس پر عدالت نے کہا کہ ’یہ تو میرٹ پر بات ہوگی آپ پیش ہی نہیں ہوتے‘، علی امین گنڈاپور نے جواب دیا کہ ’پیش ہوتے ہیں بہت بار پیش ہوئے ہیں لیکن میرا دوسری عدالت میں بھی کیس ہے‘، بعد ازاں عدالت نے علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیئے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے انسداد دہشت گردی عدالت نے بھی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے تھے، عدالت نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری حسن ابدال میں درج مقدمے میں جاری کیے تھے، اس حوالے سے علی امین گنڈاپور کے وکیل محمد فیصل ملک کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ پشاور ہائی کورٹ نے علی امین گنڈاپور کی تمام مقدمات میں ضمانت منظور کی ہے، علی امین گنڈاپور کے وکیل نے پشاور ہائی کورٹ کا حکم نامہ بھی عدالت میں جمع کرایا جس پر عدالت نے علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے، انسداد دہشت گردی عدالت نے علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی منسوخ کر دی۔