Live Updates

کیا ایک ماں کا تقدس اس ریاست میں اتنا کمزور ہوچکا؟ والدہ کی گرفتاری پرعثمان ڈار کا سوال

یہ پہلی بار نہیں یہ ظلم مسلسل خواتین پر ہو رہا ہے، آج جن ماؤں بہنوں بیٹیوں کو بےحرمت کیا جا رہا ہے، اس کا حساب ضرور ہو گا اور وہ وقت اب دور نہیں؛ سابق پی ٹی آئی رہنماء کا بیان

Sajid Ali ساجد علی منگل 5 اگست 2025 15:57

کیا ایک ماں کا تقدس اس ریاست میں اتنا کمزور ہوچکا؟ والدہ کی گرفتاری ..
سیالکوٹ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اگست 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماء عثمان ڈار نے والدہ کی گرفتاری پر ردعمل میں کہا ہے کہ میری بہادر والدہ ریحانہ ڈار کی گرفتاری کے مناظر دیکھ کر انتہائی افسوس ہوا، 80 سالہ بزرگ خاتون کو جس طرح پنجاب پولیس نے گھسیٹتے ہوئے گرفتار کیا، وہ عمل شرمناک، گھٹیا اور قابلِ مذمت ہے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ والدہ کو معلوم تھا کہ وہ گرفتار ہو سکتی ہیں مگر انہوں نے کبھی گرفتاری سے ڈر کر پیچھے ہٹنے یا چھپنے کا سوچا تک نہیں لیکن جس فسطائی انداز میں پولیس نے ان پر ہاتھ ڈالا، میں حکومت اور مریم نواز سے پوچھتا ہوں کہ کیا ایک ماں کا تقدس اس ریاست میں اتنا کمزور ہو چکا ہے؟ کیا پولیس کے چند اہلکار جب چاہیں کسی ماں کو گریبان سے پکڑ کر گھسیٹ سکتے ہیں؟ یہ پہلی بار نہیں بلکہ یہ ظلم مسلسل خواتین پر ہو رہا ہے، آج جن ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کو بےحرمت کیا جا رہا ہے اس کا حساب ضرور ہو گا اور وہ وقت اب دور نہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی بزرگ رہنماء ریحانہ ڈار کو گرفتار کرلیا گیا ہے، وزیردفاع خواجہ آصف کے مقابلے میں الیکشن لڑنے والی پی ٹی آئی رہنماء ریحانہ ڈار کو عمران خان کی کال پر احتجاج کے دوران پولیس نے گرفتار کیا، لاہور میں ایوان عدل سے پنجاب پولیس انہیں گھسیٹتے ہوئے اپنے ساتھ لے گئی۔ ریحانہ ڈار کی گرفتاری پر ان کے صاحبزادے عمر ڈار نے آج شام 5 بجے جناح ہاؤس سیالکوٹ پر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مادرِ سیالکوٹ ریحانہ ڈار کی بلاجواز گرفتاری و پولیس کی جانب سے ناروا سلوک کے خلاف اور عمران خان کی رہائی کے لیے سیالکوٹ کے تمام کارکنان سے اپیل ہے کہ سب جناح ہاؤس سیالکوٹ پہنچیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات