فیصل آباد،باغبانوں کو گلاب میں کالے دھبے کی بیماری کے بروقت انسداد کی ہدایت

جمعرات 19 جون 2025 16:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) محکمہ زراعت نے باغبانوں کو گلاب میں کالے دھبے کی بیماری کے بروقت انسداد کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

پلانٹ پروٹیکشن،پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر اسرار ارشدنے کہاہے کہ گلاب کا پہلا پتہ کھلنے سے پھول کی برداشت تک اسے مختلف دشمنوں اور بیماریوں کاسامنا کرناپڑتا ہے جن مین سب سے مہلک بیماری کالے دھبے کی ہے جو گلاب کی خوبصورتی اور حسن کو دھندلا کررہی ہے لہٰذا کاشتکار گلاب میں کالے دھبے کی بیماری کے بروقت انسداد کے لئے فوری اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ جن اقسام میں کالے دھبے کی بیماری عام ہو رہی ہو ان اقسام کو ان علاقوں میں کاشت نہ کیاجائے جہاں پھپھوندی کے حملے کا زیادہ خطرہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پاکستان میں گلاب کی کافی تعداد میں ایسی اقسام پائی جاتی ہیں جو پھپھوندی کی بیماری سے پاک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار گلاب کے پودوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دیں اور تمام گرے ہوئے متاثرہ پتوں اور شاخوں کو کاٹ کر جلا دیں تاکہ اس بیماری کا پھیلاؤ روکاجاسکے۔