فیسکو ٹاسک فورس کی بجلی چوروں کے خلاف کارروائی، 9 افراد گرفتار

جمعرات 19 جون 2025 18:13

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) فیسکو کی ٹاسک فورس نے بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 9 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کی ٹاسک فورس ٹیموں نے ایس ای واپڈا سرگودھا سرکل ابرار احمد خان کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 9 بجلی چوروں کو پکڑ لیا۔

(جاری ہے)

فیسکو ٹاسک فورس ذرائع کے مطابق ٹیموں نے ضلع سرگودھا کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر مین لائنوں سے بجلی چوری اور میٹر میں چھیڑ چھاڑ میں ملوث 9 ملزمان شاہد ، ساجد، عامر، غلام رسول ، احمد حسن ، ذیشان احمد ، رمضان ، ناصر نواز اور اشرف کو پکڑ لیا۔

فیسکو ٹاسک فورس کی ٹیموں نے چوری کرنے والوں سے مجموعی طور پر 207,300 روپے وصول کیے۔ فیسکو کی رپورٹ پر پولیس نے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں اور مزید کارروائی جاری ہے۔