ایبٹ آباد،ٹریفک وارڈن آفس میں اہم اجلاس،ٹریفک نظام بہتر بنانے کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ

جمعہ 20 جون 2025 15:48

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) ایس ایس پی ٹریفک وارڈن قمر حیات خان کی زیر صدارت ٹریفک وارڈن آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر سعید یدون، تمام انسپکٹرز صاحبان اور ٹی ایس آئی صاحبان نے شرکت کی۔اجلاس میں ٹریفک نظام کو مؤثر بنانے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایس ایس پی قمر حیات خان نے واضح الفاظ میں ہدایت کی کہ ہر بیٹ افسر اپنے علاقہ کا ذمہ دار خود ہوگا، اگر کسی بھی علاقہ سےجیمنگ یا دیگر شکایات موصول ہوئیں تو متعلقہ افسر سے جواب طلب کیا جائے گا۔تمام افسران اپنے اپنے بیٹس کی جامع پلاننگ کریں، نفری کو متحرک کریں اور ہر بیٹ کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

اسکولز کے اوقات میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے اسکول مالکان سے باقاعدہ میٹنگز کریں اور ان کو پارکنگ کے واضح اصولوں سے آگاہ کریں۔

غلط پک اینڈ ڈراپ اور غلط پارکنگ کرنے والی گاڑیوں کی ویڈیوز بنا کر ان کی نشاندہی کریں اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔آئندہ کسی بیٹ سے شکایت آنے کی صورت میں براہ راست متعلقہ افسر کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ایس ایس پی قمر حیات خان نے دوران میٹنگ واضح کیا کہ جو افسران ٹریفک ڈیوٹی کی ذمہ داریاں صحیح طریقے سے ادا نہیں کر سکتے، وہ تبادلہ کروا لیں۔

ٹریفک کی مؤثر نگرانی کے بغیر شہر کا ٹریفک نظام بہتر نہیں ہو سکتا۔اجلاس کے اختتام پر ایس ایس پی قمر حیات خان نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ قانون کی پاسداری کریں، غلط پارکنگ اور دیگر خلاف ورزیوں سے اجتناب برتیں تاکہ غیر ضروری جرمانوں سے بچا جا سکے اور ٹریفک پولیس کا ساتھ دے کر ایک بہتر اور منظم ٹریفک نظام میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :