جیکب آباد میں ترقیاتی منصوبوں میں اربوں کی کرپشن اور بنیادی سہولیات کے فقدان کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے

جمعہ 20 جون 2025 17:07

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2025ء) جیکب آباد میں ترقیاتی منصوبوں میں اربوں کی کرپشن اور بنیادی سہولیات کے فقدان کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے، احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں محکمہ روڈس اورمحکمہ بلڈنگ سمیت دیگر محکموں کے افسران و ٹھیکیداروں کی جانب سے ضلع کے ترقیاتی منصوبوں کے اربوں روپیوں کے فنڈز میں کرپشن اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف عام انسان تحریک کی جانب سے سید علی شاہ، عبدالنبی لاشاری، الفاط میرانی اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی جلوس نکالا گیا مظاہرین نے شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کیا اور کرپشن کے خلاف نعریبازی کی، مظاہرین نے تپتی دھوپ میں پریس کلب کے سامنے دھرنا دیکر روڈ بلاک کردیا، اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ جیکب آباد میں ترقیاتی اسکیموں کے اربوں روپیوں کے فنڈز ملی بھگت کرکے ہڑپ کرلیے جاتے ہیں کئی سالوں سے ضلع کے ترقیاتی منصوبے تعطل کا شکار ہیں جس کی وجہ سے شہر کی اہم ترین شاہراہوں سمیت گلی محلوں کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں کئی سالوں سے ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے شہر کھنڈر میں تبدیل ہوچکا ہے جس کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، انہوں نے کہا کہ ضلع کی کئی اسکیمیں صرف کاغذوں میں مکمل دکھا کر کروڑوں روپے افسران و ٹھیکیداروں نے ملی بھگت کرکے ہڑپ کرلیے ہیں، سرکاری محکموں کے کرپٹ افسران و ٹھیکیدار قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں لیکن ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں، انہوں نے جیکب آباد ضلع کے ترقیاتی فنڈز میں ہونے والی کرپشن کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ملوث کرپٹ افسران کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا، مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر کرپٹ افسران کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو سرکاری افسران کا گھیراؤ کیا جائے گا۔