اوپن یونیورسٹی نے ملک بھر میں’’سوئفٹ سینٹرز‘‘ بند کر دئیے ہیں، یونیورسٹی

جمعہ 20 جون 2025 18:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف ریجنل سروسز کی جانب سےاطلاع دی گئی ہے کہ یونیورسٹی نے مختصر مدت کے لیے آزمائشی بنیادوں پر ریجنز کے تحت ''سوئفٹ سینٹرز'' قائم کیے تھے تاہم کچھ تکنیکی وجوہات کی بناء پر یہ تمام سوئفٹ سینٹرز جولائی 2024ء سے مکمل طور پر بند کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق یونیورسٹی کے علم میں آیا ہے کہ بعض افراد اور ادارے اب بھی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا نام استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی سہولیات فراہم کر رہے ہیں جو کہ سراسر غلط اور فراڈ پر مبنی عمل ہے۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا ان جعلی سوئفٹ سینٹرز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ان اداروں یا افراد سے کوئی بھی لین دین یا سہولیات حاصل کرنا طلباء و طالبات کی اپنی ذمہ داری ہوگی۔

یونیورسٹی ایسے غیر قانونی عناصر اور اس میں ملوث طلبہ یا افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔تمام طلباء و طالبات سے گزارش ہے کہ کسی بھی رہنمائی یا معلومات کے لیے صرف یونیورسٹی کے مین کیمپس یا قریبی علاقائی دفاتر سے رجوع کریں۔علاقائی دفاتر کی معلومات http://aiou.edu.pk پر موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :