انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کا ضلع مانسہرہ کا دورہ، سکیورٹی فورٹیفیکیشن ڈرائیو 2025 کے تحت مختلف منصوبہ جات کا افتتاح کیا

جمعہ 20 جون 2025 19:28

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے جمعہ کے روز ضلع مانسہرہ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران وہ تھانہ صدر مانسہرہ پہنچے، جہاں ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ناصر محمود ستی اور ضلعی پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر مانسہرہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پی کو سلامی پیش کی جبکہ بچوں نے پھولوں کے گلدستے پیش کر کے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔

آئی جی پی خیبرپختونخوا نے اس موقع پر سکیورٹی فورٹیفیکیشن ڈرائیو 2025 کے تحت مختلف منصوبہ جات کا افتتاح کیا، جن میں تھانہ پھلڑہ کی بائونڈری وال اور پولیس لائنز مانسہرہ سمیت مختلف تھانوں میں تعمیر کیے جانے والے 10 واچ ٹاورز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

منصوبہ جات پر تفصیلی بریفنگ ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ناصر محمود ستی نے دی۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوانے واچ ٹاورز اور تھانہ صدر کے مختلف شعبہ جات اور حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا، جن میں مرکزی رپورٹنگ روم، لیڈیز رپورٹنگ روم، انویسٹی گیشن آفس، بیرکس اور دیگر شامل تھے۔

انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس انفراسٹرکچر میں جدت اور بہتری لانا میری ترجیحات میں شامل ہے، جس سے پولیس کی حالت کار اور کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔دورے کے اختتام پر ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ناصر محمود ستی نے ہزارہ پولیس کی جانب سے انسپکٹر جنرل آف پولیس کو یادگاری سووینئر پیش کیا۔ بعد ازاں آئی جی پی نے تمام پولیس سٹاف کو آمدہ محرم الحرام کے دوران بہتر سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

اس کے علاوہ، چائنیز پراجیکٹس پر کام کرنے والے فارنرز کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانے سمیت ملکی و غیرملکی سیاحوں اور عوام الناس کو سہولیات کی بروقت فراہمی پر بھی زور دیا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس نے پولیس افسران و اہلکاران کو ہدایت کی کہ وہ جذبہ خدمت اور دیانت داری کے ساتھ اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں تاکہ پولیس کا وقار بلند ہو اور عوام کا اعتماد مزید بحال ہو۔