ایف سی سی یو میں اقلیتی طلبہ کے لیے پری کالج سمر کوچنگ کلاسز کی اختتامی تقریب

وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی خصوصی شرکت،ایف سی کالج کو شاندار تعلیمی شمولیت کے فروغ پر خراجِ تحسین

ہفتہ 21 جون 2025 12:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)فارمین کرسچن کالج یونیورسٹی (ایف سی سی یو)، لاہور میں اقلیتی طلبہ کے لیے آٹھ ہفتوں پر مشتمل پری کالج سمر کوچنگ پروگرام کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ پروگرام چرچ ریلیشنز آفس، ایف سی کالج کی زیر نگرانی منعقد کیا گیا، جس میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے 192 لڑکے اور لڑکیاں شامل تھے، جنہیں آئندہ تعلیمی مرحلوں کے لیے تیار کیا گیا۔

صوبائی وزیر برائے اقلیتی و انسانی حقوق امور رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ انہوں نے طلبہ کو مبارکباد دی اور ایف سی کالج کو اقلیتوں کے لیے مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر سراہا۔اپنے خطاب میں وزیر موصوف نے کہا کہ یہ پروگرام اس بات کی عملی مثال ہے کہ کسی طالبعلم کو صرف اس کے پس منظر کی وجہ سے پیچھے نہیں رہنے دیا جا رہا۔

(جاری ہے)

تعلیم دروازے کھولتی ہے اور ہم اقلیتی نوجوانوں کو ترقی کے ہر ممکن موقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے حکومتِ پنجاب کے وژن اور متعدد اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار 15 اقلیتی نوجوانوں کو سی ایس ایس اکیڈمی میں داخل کروایا گیا ہے، جن کے تمام تعلیمی اخراجات محکمہ اقلیتی امور و انسانی حقوق برداشت کر رہا ہے۔

حکومتِ پنجاب کے ڈیجیٹل لرننگ پروگرام کے تحت اقلیتی طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور آن لائن تعلیمی سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ تعلیمی میدان میں آگے بڑھ سکیں۔ اقلیتی طلبہ کے لیے جاری اسکالرشپ پروگرام کو مزید وسعت دی جا رہی ہے تاکہ میٹرک سے اعلیٰ تعلیم تک مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت اقلیتی نوجوانوں کی تعلیمی ترقی کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہے۔

ہم ان کے لیے کامیابی، ہنر سازی اور پیشہ ورانہ ترقی کی راہیں ہموار کرتے رہیں گے۔رمیش سنگھ اروڑہ نے ایف سی کالج کی جانب سے تنوع اور کردار سازی پر مبنی تعلیم کے فروغ کو بھی سراہا اور کہا کہ اس طرح کے faith-based ادارے معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔تقریب سے ڈاکٹر جوناتھن ایس ایڈلٹن (ریکٹر ایف سی سی یو) اور ڈاکٹر جیمز ٹیبے (سابق ریکٹر ایف سی سی یو) نے بھی مختصر خطاب کیا اور طلبہ کو مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر نیر فردوس (رجسٹرار ایف سی سی یو) اور ڈاکٹر فرزند مسیح (ڈائریکٹر چرچ ریلیشنز آفس) نے طلبہ کی محنت اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر طلبہ کے والدین بھی موجود تھے جنہوں نے اس پروگرام کو اپنے بچوں کی خود اعتمادی، وژن اور تعلیم سے رغبت بڑھانے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر شرکاء کو اسناد دی گئیں اور گروپ فوٹو سیشن کے ساتھ یہ کامیاب تعلیمی پروگرام اختتام پذیر ہوا۔تقریب میں ڈاکٹر جوناتھن ایس ایڈلٹن، ریکٹر ایف سی سی یوڈاکٹر جیمز ٹیبے، سابق ریکٹر ایف سی سی یو، ڈاکٹر نیر فردوس، رجسٹرار ایف سی سی یو،ڈاکٹر فرزند مسیح، ڈائریکٹر چرچ ریلیشنز آفس، محترمہ ابیحہ شلوم، کیمپس کونسلر، کنئیرڈ کالج اور دیگر معزز مہمانان گرامی نے شرکت کی۔