لندن میں ایرانی سفارتخانے کے باہر جھڑپوں میں 2 افراد زخمی، 8 گرفتار

پولیس نے علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر 22 جون تک احتجاج پر پابندی عائد کر دی

ہفتہ 21 جون 2025 16:56

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)برطانیہ کے دارالحکومت میں واقع ایرانی سفارتخانے کے باہر حکومت مخالف اور حامی مظاہرین کے درمیان شدید تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی اور آٹھ کو حراست میں لے لیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر 22 جون تک احتجاج پر پابندی عائد کر دی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق، لندن میں حکومت مخالف مظاہرہ جاری تھا کہ اچانک ایرانی حکومت کے حامی افراد بھی موقع پر پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

دونوں گروپوں کے درمیان پہلے نعرے بازی ہوئی، جو جلد ہی ہاتھا پائی اور پھر شدید جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔عینی شاہدین کے مطابق، مظاہرین نے ایک دوسرے پر ڈنڈے اور جھنڈے برسا دیے، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے۔ مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آٹھ افراد کو موقع پر حراست میں لے لیا اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حالات قابو میں کیے۔اس ناخوشگوار واقعے کے بعد میٹروپولیٹن پولیس نے اعلان کیا ہے کہ 22 جون تک ایرانی سفارتخانے کے باہر ہر قسم کے احتجاج پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاکہ آئندہ کسی قسم کا تصادم روکا جا سکے۔