مسام کے تحت یمن میں حوثیوں کی نصب کردہ 5 لاکھ بارودی سرنگوں کا خاتمہ

تاسیس کے بعد سے اب تک یمنی اراضی کا 6.7 کروڑ مربع میٹر سے زیادہ رقبہ صاف کیا جا چکا ہے،حکام

ہفتہ 21 جون 2025 17:08

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)انسانی جانوں کو بچانے کے مشن کے تحت، یمن کی زمینوں کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کے لیے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کا خصوصی منصوبہ مسام جاری ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق منصوبے کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ اب تک حوثی ملیشیا کی جانب سے بچھائی گئی تقریبا پانچ لاکھ بارودی سرنگیں نکالی جا چکی ہیں، جو عام شہریوں، بالخصوص بچوں، بزرگوں اور خواتین کی جانوں کے لیے خطرہ بنی ہوئی تھیں۔

یہ تعداد ان تمام بارودی سرنگوں کا مجموعہ ہے جو شاہ سلمان مرکز نے 2018 میں اپنے قیام کے اعلان سے لے کر اب تک ناکارہ بنائی ہیں۔ نکالی گئی بارودی سرنگوں میں افراد مخالف سرنگیں، ٹینک شکن سرنگیں، پھٹنے سے بچے ہوئے گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مسام منصوبے نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بتایا کہ 2018 سے اب تک اس نے یمن کی 6 کروڑ 70 لاکھ مربع میٹر سے زائد زمین کو بارودی سرنگوں سے پاک کیا ہے۔

مرکز کے مطابق، ان کارروائیوں کے نتیجے میں ان علاقوں میں متاثرین کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے جہاں منصوبہ سرگرم ہے۔ بہت سے بے گھر افراد اور کسان اپنے دیہات اور کھیتوں کو لوٹ چکے ہیں، جہاں وہ دوبارہ کاشت کاری کا آغاز کر چکے ہیں۔اس منصوبے کے ڈائریکٹر جنرل، انجینئر اسامہ القصیبی نے کہا کہ یہ بہت بڑی تعداد دراصل اس مسلسل کام کا نتیجہ ہے جو منصوبے نے 2018 کے وسط سے اب تک کیا ہے، اور یہ حوثی دہشت گرد ملیشیا کی جانب سے یمن کے ہر گوشے میں انسانوں اور زراعت کو تباہ کرنے کے عزم پر دلالت کرتا ہے۔

القصیبی نے مزید کہا اگرچہ 'مسام' کا یہ حاصل شدہ نتیجہ ایک اہم کارنامہ ہے، جو مکمل طور پر سعودی عرب کے فنڈ سے اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق بارودی سرنگیں صاف کرنے کے کام سے حاصل ہوا، لیکن یہ اس خطرناک حقیقت کی بھی نشان دہی کرتا ہے کہ ایک عام یمنی شہری روزمرہ زندگی گزارنے کے دوران کس قدر جان کے خطرے سے دوچار ہے اور یہ اس حوثی خواہش کی عکاسی کرتا ہے کہ انھیں کسی بھی وقت، کسی بھی جگہ، کسی بھی طریقے سے مارا جائے۔

القصیبی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منصوبے کے تمام کارکن یمنی عوام کو بارودی سرنگوں، دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات اور غیر پھٹے گولہ بارود کے خطرے سے بچانے کا مشن مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا یہ حاصل شدہ کامیابی ہم سب کے لیے اس اعلی انسانی خدمت کو جاری رکھنے کا بہترین محرک ہے۔ادھر سعودی عرب نے یمن کی زمینوں سے بارودی سرنگیں صاف کرنے کے مسام منصوبے پر عمل درآمد کے معاہدے میں ایک سال کی توسیع کا اعلان کر دیا ہے، جس کی مالیت تقریبا 5 کروڑ 29 لاکھ 94 ہزار ڈالر ہے۔

اس منصوبے کو سعودی ماہرین اور بین الاقوامی تجربہ رکھنے والی ٹیموں کی مدد سے چلایا جا رہا ہے، جنھوں نے یمنی ٹیموں کو تربیت بھی فراہم کی ہے تاکہ وہ ملک میں بے ترتیبی سے بچھائی گئی ان سرنگوں کو ختم کر سکیں۔