محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے بھرپور آگاہی مہم اور عملی اقدامات جاری

ہفتہ 21 جون 2025 18:01

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈویژن فیصل آباد کی جانب سے کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے بھرپور آگاہی مہم اور عملی اقدامات جاری ہیں۔ سیکرٹری لائیوسٹاک حکومت پنجاب احمد عزیز تارڑ کی خصوصی ہدایات پر ڈویژن بھر میں ویٹرنری ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں مویشی پال افراد کو کسان لائیو سٹاک بیٹھک، فیلڈ ڈیز، فارمر ڈیز اور دیگر ذرائع سے بیماری سے بچاؤ کے لئے رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔

اس ضمن میں موبائل ویٹرنری ڈسپنسریوں، موبائل ٹریننگ سکول بس آگاہی پروگرامز، ریڈیو ٹاکس اور دیگر ذرائع ابلاغ کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام الناس اور کسان برادری کو حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد قیصر خلیق کے ہمراہ مویشی منڈی نیامو آنہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جانوروں پر چچڑ مار سپرے کی نگرانی خود کی۔

(جاری ہے)

یہ اقدام چچڑوں کے ذریعے پھیلنے والی موذی بیماریوں بالخصوص کانگو وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا گیا۔اسی طرح ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ضلع جھنگ ڈاکٹر احسان اکبر نے بھی ضلع جھنگ کی مویشی منڈیوں کا دورہ کیا اور کانگو بخار سے بچاؤ کے لیے چچڑ مار سپرے کی نگرانی کی۔ بعد ازاں ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے سول ویٹرنری ہسپتال فیصل آباد کے کانفرنس روم میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں شرکت کی جس میں کانگو بخار کی روک تھام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

علاوہ ازیں انہوں نے آگاہی واک میں بھی شرکت کی اور عوام الناس کو پیغام دیا کہ ''محکمہ لائیو سٹاک حکومت پنجاب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کانگو بخار کی روک تھام کے لئے الرٹ اور متحرک ہے۔ ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر عوام کی صحت اور مویشیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔