زہریلے کیمیکل زدہ فضلہ کی غیرقانونی ترسیل پر عدالت کا سخت نوٹس، کمپنی کو مشروط حکم نامہ جاری

ہفتہ 21 جون 2025 20:50

حب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)زہریلے کیمیکل زدہ فضلہ کی غیرقانونی ترسیل پر عدالت کا سخت نوٹس، کمپنی کو مشروط حکم نامہ جاری ۔ہفتہ کو حبیب رائس لمیٹڈ کمپنی کی جانب سے زہریلا اور کیمیکل زدہ صنعتی فضلہ (گاربیج) بغیر کسی حفاظتی اقدامات اور صفائی کے تقاضوں کے شہر میں منتقل کیا جا رہا تھا، جس کے باعث پورا علاقہ، خصوصاً سول اسپتال حب، عدالت روڈ اور ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس شدید تعفن اور بدبو سے متاثر ہوئے۔

اس عمل سے شہریوں کو سخت ذہنی و جسمانی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا اس عوامی مسئلے پر شہریوں کی جانب سے دفعہ 133 ضابطہ فوجداری 1898 کے تحت معزز عدالت جوڈیشل مجسٹریٹ حب-I میں درخواست دائر کی گئی۔ اس کیس میں قانونی معاونت و نمائندگی معروف قانون دان اور صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حب اقبال جاموٹ ایڈووکیٹ اور ان کے ہمراہ نوجوان قانون دان عبدالصمد گدور ایڈووکیٹ نے کی۔

(جاری ہے)

عدالت نے درخواست گزار کے مؤقف کو سننے کے بعد حبیب رائس لمیٹڈ کمپنی کے خلاف مشروط حکم جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک ہر قسم کا کیمیکل زدہ فضلہ شہر میں لانے، کھلے عام منتقل کرنے اور شہری حدود میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔ اس کے ساتھ ڈپٹی کمشنر حب کو بھی ہدایت جاری کی گئی کہ وہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور کمپنی کی غیرقانونی ٹرانسپورٹیشن و ڈسپوزل پر فوری روک لگائیں۔

عدالت نے کمپنی کو یہ بھی حکم دیا کہ شہر میں پیدا ہونے والی آلودگی اور بدبو کے ازالے کے لیے فوری طور پر اینٹی انفیکٹنٹ و اینٹی بیکٹیریل اسپرے کرایا جائے تاکہ ماحولیاتی و انسانی صحت کے ممکنہ خطرات کم ہو سکیں۔شہریوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حب کے وکلاء کی بروقت قانونی مداخلت اور عوامی مفاد میں مؤثر وکالت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ اقدام شہر میں ماحولیاتی تحفظ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :