Live Updates

سول سروس ریاست کے نظام، تسلسل اور وقار کی محافظ ہے،پاکستان کے سول سرونٹس نے ہمیشہ قابلیت، فرض شناسی اور کارکردگی کا مظاہرہ کیا، قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی

پیر 29 ستمبر 2025 21:22

سول سروس ریاست کے نظام، تسلسل اور وقار کی محافظ ہے،پاکستان کے سول سرونٹس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سول سروس ریاست کے نظام، تسلسل اور وقار کی محافظ ہے،پاکستان کے سول سرونٹس نے ہمیشہ قابلیت، فرض شناسی اور کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے ایوان صدر میں 38 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکا نے ملاقات کی۔

پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران قائم مقام صدر نے کہا کہ سینئر مینجمنٹ تک رسائی برسوں کی محنت، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کا اعتراف ہے،سول سروس ریاست کے نظام، تسلسل اور وقار کی محافظ ہے،ان لینڈ سٹڈی ٹور افسران کو حکومتی و پارلیمانی اداروں کے عملی مشاہدے کا موقع دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ سیکرٹریٹ میں ای-گورننس اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے شفافیت اور کارکردگی کو فروغ دیا جا رہا ہے، جنوبی پنجاب سمیت حالیہ سیلابی صورتحال میں سول افسران کا کردار خراج تحسین کا مستحق ہے،قدرتی آفات اداروں کی استعداد اور عوامی خدمت کے جذبے کو آزماتی ہیں،ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ تمام اداروں اور کمیونٹیز کی مشترکہ ذمہ داری ہے،سینئر مینجمنٹ سطح پر قیادت کو تعاون، سیکھنے، جدت اور انکساری کو اپنانا ہوگا،قومی ترقی کے اہداف کسی ایک ادارے یا محکمہ کے بس کی بات نہیں، اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

(جاری ہے)

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ افسران اپنی تربیت اور تجربات کو عوامی فلاح اور قومی ترجیحات سے ہم آہنگ کریں،پارلیمان اصلاحات پسند اور فعال افسران کے ساتھ مل کر عوامی امنگوں پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہے،پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دیانت داری، بصیرت اور خلوص نیت کے ساتھ کام کریں۔تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن ہوا۔ اس دوران قائم مقام صدر نے شفاف اور موثر حکمرانی پر زور دیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات