اعتزاز احسن جرات مند، آئین و جمہوریت کے حقیقی سپاہی ،ان سے سیکھا جھوٹ نہیں بولنا ، عمر عطا بندیال

پیر 29 ستمبر 2025 20:04

اعتزاز احسن جرات مند، آئین و جمہوریت کے حقیقی سپاہی ،ان سے سیکھا جھوٹ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2025ء)سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ میں نے اعتزاز احسن سے یہ سیکھا کہ جھوٹ نہیں بولنا اور سچ کی بنیاد پر انصاف حاصل کرنا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمر عطاء بندیال نے اعتزاز احسن کو جرات مند، آئین و جمہوریت کا حقیقی سپاہی اور وکلا تحریک کا قائد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنے عدالتی دور میں اللہ کو حاضر ناظر جان کر فیصلے کئے،اعتزاز احسن سے یہ سیکھا کہ جھوٹ نہیں بولنا اور سچ کی بنیاد پر انصاف حاصل کرنا ہے۔

دعا ہے اللہ اعتزاز احسن کو حکمت دے اور لوگ انہیں اچھے نام سے یاد کریں۔پیپلز پارٹی کے رہنما قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ اعتزاز احسن نے جرات کے ساتھ سیاست کی،انہیں جدوجہد ماں کی گود سے ملی،وہ ان کے شاگرد اور چھوٹے بھائی ہیں۔

(جاری ہے)

اختلاف رائے سیاست اور گھروں میں برداشت نہیں کیا جاتا لیکن اعتزاز احسن نے کبھی اپنے موقف سے پیچھے ہٹنا نہیں سیکھا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی شمولیت کے بغیر وکلا تحریک کامیاب نہیں ہو سکتی تھی،وکلا تحریک میں ان سمیت کئی رہنمائوں نے اہم کردار ادا کیا۔سینئر قانون دان حامد خان نے کہا کہ وہ اعتزاز احسن کو وکلا کا ٹائیکون سمجھتے ہیں۔پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ سیاست اور وکالت میں اعتزاز احسن جیسے لوگ ہونے چاہئیں،قیادت کے سامنے اپنی رائے دینے کا فن انہی سے سیکھا۔

تقریب کے آخر میں چوہدری اعتزاز احسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ملک کیلئے ساتھ چلنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی اصل طاقت جمہوریت ہے۔اعتزاز احسن نے کہا کہ وکلا تحریک میں سب کے ساتھ ملکر بڑی محنت کی اور تحریک کو کامیاب بنایا،ہمارا سفر ختم نہیں ہوا،ہم آج بھی عدلیہ کی آزادی اور آئین کی بالادستی کیلئے میدان میں ہیں۔