لیویز فورس کے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ڈی جی لیویز بلوچستان

ہفتہ 21 جون 2025 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے چمن میں دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے لیویز اہلکار عصمت اللہ کے گھر جا کر ان کے والد سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

ڈی جی لیویز عبدالغفار مگسی نے کہا کہ لیویز فورس کے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اور حملہ کرنے والے عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے ’’شہداء ویلفیئر پیکیج‘‘ کے تحت شہید کے لواحقین کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈی جی لیویز نے یقین دہانی کرائی کہ شہید کے بھائی کی بھرتی شہداء ویلفیئر پیکیج کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔قانونی اور انتظامی کارروائیاں جلد مکمل کر کے مراعات دی جائیں گی ڈی جی لیویز نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور حکومت ہر ممکن طریقے سے ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔