ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کا تحصیل سلانوالی و ساہیوال کا دورہ، محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ، جلوس منتظمین سے ملاقاتیں

اتوار 22 جون 2025 14:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف نے ہفتہ کے روز تحصیل سلانوالی اور ساہیوال کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد محرم الحرام کےسلسلےمیں امن وامان سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے دونوں تحصیلوں میں اعزازی جلوسوں اور مجالس کے منتظمین سے ملاقاتیں کیں اور پر زور دیا کہ تمام پروگرامز مقررہ وقت پر شروع اور ختم کیے جائیں، تاکہ سکیورٹی کے عمل کو بہتر طریقے سے یقینی بنایا جا سکے۔

اس موقع پر فروکہ کے مرکزی جلوس کے روٹ کا بھی معائنہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)محمد وسیم نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے۔ ضلعی انتظامیہ تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور منتظمین کا تعاون نہایت اہم ہے۔

(جاری ہے)

وقت کی پابندی، نظم و ضبط اور باہمی ہم آہنگی کے ذریعے ہم مثالی انتظامات کو یقینی بنائیں گے۔

ڈی پی او صہیب اشرف نے کہا کہ پولیس فورس ہائی الرٹ ہے اور سکیورٹی کے تمام تر اقدامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور اہلکاروں کی اضافی تعیناتی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ عوام، علما کرام اور منتظمین کے تعاون سے محرم کے جلوس پرامن ماحول میں مکمل ہوں گے۔اس موقع پر تحصیل امن کمیٹیوں کے ارکان، تحصیل انتظامیہ، تاجر برادری، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور معزز شہری بھی موجود تھے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ باہمی رابطے اور کوآرڈینیشن کو مضبوط بنائیں اور روزانہ کی بنیاد پر جائزہ اجلاس منعقد کریں۔