پنجاب پولیس کے لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد منشیات آپریشنز جاری،24 گھنٹوں کے دوران 83 ملزمان گرفتار

پیر 23 جون 2025 13:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) پنجاب پولیس کے لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد منشیات آپریشنز جاری ہیں اور 24 گھنٹوں کے دوران منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 161 چھاپے، 83 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق منشیات فروشوں سے 26 کلو گرام چرس، 957 لیٹر شراب برآمد کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب پولیس نے رواں سال کے دوران منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 39 ہزار 457 چھاپے ، 21 ہزار 740 ملزمان گرفتار کیے گئے، منشیات فروشوں سے 11 ہزار 344 کلوگرام چرس، 294 کلوگرام افیون برآمد کی گئی، 630 کلوگرام آئس اور 2 لاکھ 88 ہزار لیٹر سے زائد شراب برآمدکی گئی ۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں منشیات فروشی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔