ڈی سی لاہور کا مختلف علاقوں کا دورہ، ناقص سیوریج اور صفائی کی صورتحال پر اظہار برہمی

پیر 23 جون 2025 13:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں کلین لاہور مشن کے تحت شہر بھر میں صفائی اور تجاوزات کے خلاف آپریشنز تیزی سے جاری ہیں۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کےمطابق تحصیل کینٹ میں جاری انتظامی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈی سی لاہور نے چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن شاہد عباس کاٹھیہ، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ فاطمہ ارشد اور دیگر افسران کے ہمراہ سجپال روڈ، ملک پور روڈ اور رنگ روڈ سروس لین سمیت مختلف علاقوں کا سرپرائز دورہ کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کینٹ فاطمہ ارشد نے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے ناقص سیوریج اور صفائی کی صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی حکام کو فوری بہتری کی ہدایت جاری کی۔

(جاری ہے)

ڈی سی لاہور نے کہا کہ لاہور کو صاف اور تجاوزات سے پاک شہر بنانے کی مہم بھرپور انداز میں جاری رہے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تجاوزات، غیر قانونی پوسٹرز اور بصری آلودگی کے خاتمے کے لیے جاری آپریشنز میں کوئی نرمی نہ برتی جائے۔

کوڑے کو آگ لگانے کے واقعات پر سخت ایکشن لینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔مزید برآں، شہریوں میں صفائی کے شعور کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی آگاہی مہم چلانے پر بھی زور دیا گیا۔ ڈی سی لاہور نے ضلعی انتظامیہ کو نالوں کی مکمل صفائی یقینی بنانے اور رہائشی علاقوں سے مویشیوں اور جھگیوں کے خاتمے کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایات دیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کلین لاہور مشن کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔