پنجاب سٹیز پروگرام: 18 اضلاع کے 40 شہروں میں ترقیاتی سکیموں کا جائزہ

وزیر بلدیات نے ہر شہر کے لئے تیار پی سی ون کا جائزہ لے کر ضروری ہدایات جاری کیں پہلی بار ٹھوس پلاننگ کے تحت شہروں میں دیرپا سہولیات مہیا کریں گے، ذیشان رفیق

پیر 23 جون 2025 18:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب سٹیز پروگرام کے ایک جائزہ اجلاس کے دوران 18 اضلاع کے 40 شہروں میں ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔ سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی اور متعلقہ افسروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلی کے پنجاب سٹیز پروگرام کے پہلے مرحلے میں ڈی جی خان، لیہ، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، کامونکی، علی پور چٹھہ، نارووال، وزیرآباد، ڈسکہ، سیالکوٹ، پسرور، شکرگڑھ، سمبڑیال، گجرات اور لالہ موسی شہر شامل ہیں۔

اسی طرح اجلاس میں کھاریاں، جلالپور جٹاں، پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد، پھالیہ، پھولنگر، پتوکی، کوٹ رادھا کشن، کھڈیاں، ننکانہ صاحب، سانگلہ ہل، فیروزوالہ، مریدکے کی سکیموں پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

کوٹ عبدالمالک، اٹک، حضرو، جہلم، بھکر، خوشاب، جوہر آباد، میانوالی، سرگودھا، ساہیوال (سرگودھا) اور بھیرہ شہر میں بھی سٹیز پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر بلدیات نے ہر شہر کے لئے تیار پی سی ون کا جائزہ لے کر ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف ہر شہر میں مسائل کا اینڈ ٹو اینڈ سولوشن چاہتی ہیں۔ اس میگا پراجیکٹ کے تحت ہر شہر میں سیوریج، ڈرین، سٹریٹ لائٹس، سڑکوں، پارکس اور گلیوں کو پختہ کرنے کا کام ہوگا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ بدقسمتی سے اس وقت چھوٹے شہروں میں سیوریج سسٹم کا سرے سے ہی کوئی وجود نہیں تاہم اب پہلی بار ٹھوس پلاننگ کے تحت شہروں میں دیرپا سہولیات مہیا کریں گے۔

پہلے مرحلے میں 61 شہروں میں کام کا آغاز جلد ہو جائے گا۔ اس منصوبے میں شہروں میں اگلے 25 سال کی ضروریات کو سامنے رکھا جا رہا ہے۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ ہر شہر میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کو ماڈل کے طور پر اپنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہر میں برساتی پانی کا بڑا ذخیرہ بنانا بھی پروگرام میں شامل ہے جس سے بارشوں کے باعث پانی کے نکاس مستقل طور پر حل ہوسکیں گے۔