سوشل میڈیا کے ذریعے خواتین گھر بیٹھے روزگار کما سکتی ہیں، صدر وویمن چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز ملتان فرح ثاقب

منگل 24 جون 2025 17:39

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) صدر وویمن چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز ملتان فرح ثاقب نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے خواتین گھر بیٹھے باعزت روزگار کما سکتی ہیں ۔ انہوں نے یہ بات منگل کو وویمن چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان اور وویمن انٹرپرینیور ڈویژن ٹیڈاپ ملتان کے زیر اہتمام "بزنس کے لیے سوشل میڈیا کو کس طرح استعمال کیا جا سکتا ہے" کے عنوان سے ہونے والی ٹریننگ اور سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا میں سب سے زیادہ بزنس سوشل میڈیا کے ذریعے کیا جا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ اب حکومت نے سوشل میڈیا کے ذریعے بزنس کرنے والے کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانا شروع کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پڑھی لکھی بہت سی خواتین موجود ہیں جو سوشل میڈیا کے ذریعے ایک اچھا روزگار کما رہی ہیں۔ سیمینار میں ٹریننگ کراتے ہوئے لیکچرار لمز لاہور گلا لئی خان نے لیکچر دیتے ہوئے خواتین کو بتایا کہ سوشل میڈیا کو کیسے استعمال کرنا ہے، فیس بک انسٹاگرام لنک ڈاؤن اور دیگر حوالے سے بتایا کہ ان کے ذریعے کیسے بزنس کرنا ہے ۔ اس موقع پر قاسم نثار رامے نے بھی خواتین کو ٹریننگ دیتے ہوئے لیکچر دیا۔