پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی نے سیاحوں کیلئے تفریحی سہولیات کی فراہمی اور مری شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کیے

منگل 24 جون 2025 17:43

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی نے سیاحوں کیلئے تفریحی سہولیات کی فراہمی اور مری شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں جن میں شہر کی سجاوٹ، خوبصورت پلانٹرز کی تنصیب اور دیواروں پر دیدہ زیب ڈیزائنز کی نقش و نگاری شامل ہے۔

ہارٹیکلچر کے حوالے سے بھی بہترین اقدامات کیے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے مری شہر کا خصوصی دورہ کیا اور وہاں ہارٹیکلچر، سجاوٹ اور موسمی پھولوں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ عملے کو صفائی، سجاوٹ اور ہارٹیکلچر کے کام کو مزید بہتر بنانے کی خصوصی ہدایات دیں۔

(جاری ہے)

احمد حسن رانجھا نے کہا کہ مری کو سیاحوں اور مقامی افراد کے لیے خوبصورت اور سرسبز بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

مری کو صاف ستھرا اور دلکش مقام بنانا پی ایچ اے کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مری شہر کے تمام اہم مقامات پر سرسبز پودوں اور رنگ برنگے پھولوں کی نگہداشت، افزائش اور آرائش کے انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے راولپنڈی نے کہا کہ ملکہ کوہسار مری کو سرسبز بنانا، عوام کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کرنا اور صاف ستھرا ماحول مہیا کرنا پی ایچ اے کا عزم ہے جس میں عوام کے تعاون کی بھی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :