البرح انٹرنیشنل سیلنگ ریگاٹا 2025 میں پاکستانی سیلنگ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گولڈ اور ایک برانز میڈل اپنے نام کیا

منگل 24 جون 2025 22:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) البرح انٹرنیشنل سیلنگ ریگاٹا 2025 میں پاکستانی سیلنگ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گولڈ اور ایک برانز میڈل اپنے نام کیا۔ یہ ایونٹ 19 سے 23 جون تک بحرین میں منعقد ہوا جس میں پاکستان، بحرین، متحدہ عرب امارات، کویت اور سعودی عرب کی ٹیموں نے شرکت کی۔ پاکستان سیلنگ فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم نے تین مختلف کیٹیگریز میں مقابلہ کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کے مزمل حسین نے ILCA 7 کلاس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ جیتا جبکہ حمزہ اعجاز نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ دیگر کیٹیگریز میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کیا۔ آپٹیمسٹ کلاس میں ماسٹر محمد سلیمان نے چوتھی پوزیشن حاصل کی جبکہ ILCA 4 کیٹیگری میں مزمل حسین چھٹے نمبر پر رہے۔ پاکستان سیلنگ فیڈریشن نے اس کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ نوجوان کھلاڑی مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔