غیر قانونی افغان مہاجرین کے انخلا کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ

منگل 24 جون 2025 20:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ کی زیر صدارت لورالائی میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے انخلا کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں شہر میں مقیم غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف ایک جامع اور مربوط آپریشن کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نورعلی کاکڑ ،اسسٹنٹ کمشنر بوری ندیم اکرم ،لیویز فورس انچارج۔

پولیس آفیسران سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران غیر قانونی افغان مہاجرین کی نشاندہی، انخلا کے طریقہ کار، اور اس حوالے سے حکمت عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لورالائی نے تحصیل میختر اور تحصیل بوری کے اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے علاقوں میں فوری طور پر کارروائیوں کا آغاز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر میران بلوچ نے کہا کہ غیر قانونی افغان مہاجرین کے انخلا کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

کارروائیوں کے دوران تمام متعلقہ ادارے مکمل تعاون کریں گے، جبکہ شہریوں سے بھی درخواست کی جاتی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دورانِ کارروائی انسانی ہمدردی اور احسن رویہ اپنایا جائے تاکہ کسی قسم کی بدامنی یا مسائل جنم نہ لیں۔ضلعی انتظامیہ نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ غیر قانونی قیام کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :