Live Updates

ایران اسرائیل جنگ بندی، فضائی حدود کھول دی گئیں، فلائٹ آپریشن بحال نہ ہوسکا

مختلف غیر ملکی ایئر لائنز نے ایران،اسرائیل،عراق کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن تاحال بحال نہیں کیا

بدھ 25 جون 2025 12:52

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد متاثرہ ممالک ایران، عراق اور اسرائیل سمیت خطے کی تمام فضائی حدود کھول دی گئی ہیں تاہم فلائٹ آپریشن مکمل بحال نہیں ہو سکا ہے۔جنگ بندی معاہدے کے بعد ایران کی فضائی حدود مشروط طور پر کھولی گئی ہے جس کے لیے تہران سے بین الاقوامی آمد اور روانگی کی پروازوں کو حکومت سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق امام خمینی ایئرپورٹ تہران، تبریز، شیراز، مشہد یا کسی اور ایئرپورٹ سے فلائٹ آپریشن بحال نہیں ہوسکا۔ عراق کے سرحدی شہر بصرہ سے پروازیں پہلے ہی اڑان بھر رہی تھیں جو ٹیک آف کے فوری بعد پڑوسی ممالک کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے آپریشن برقرار رکھے ہوئے تھیں، اب ان پروازوں نے اپنے ملک عراق کی فضائی حدود سے گزرنا شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح عراق کے سب سے بڑے ایئرپورٹ بغداد سے فلائٹ آپریشن اب تک شروع نہیں ہوسکا۔ اسرائیل کی فضائی حدود کھلتے ہی تل ابیب ایئرپورٹ سے پروازوں کی جزوی آمد اور روانگی شروع ہوگئی ہے تاہم مختلف غیر ملکی ایئر لائنز نے تل ابیب ایئرپورٹ کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن تاحال بحال نہیں کیا اور ایئرپورٹ کی درجنوں پروازیں منسوخ ظاہر ہورہی ہیں۔ خطے میں صورتحال بہتر ہونے کے باوجود شام کے دمشق ایئرپورٹ پر بھی فلائٹ آپریشن بحال نہیں ہو سکا۔ لبنان کے بیروت ایئرپورٹ سے بھی پروازوں کی آمد اور روانگی کی معمول کی بحالی نہیں ہوسکی۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات