پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈائون ،3ہزار 600لیٹر ملاوٹی دودھ تلف

382دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ، 21کو 2لاکھ 57ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے

بدھ 25 جون 2025 13:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے علی الصبح لاہور میں بڑا کریک ڈائون کرتے ہوئے 3ہزار 600لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ لاہور آنے والے دودھ کی چیکنگ کی گئی ۔ 382 دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ، 21کو 2لاکھ 57ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے، 4لاکھ 94ہزار لٹر دودھ کی چیکنگ کے دوران 3ہزار 600لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ موقع پر کیے گئے ٹیسٹ ناقص پائے جانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، دودھ میں قدرتی چکنائی کم اور پانی کی ملاوٹ پائی گئی، علی الصبح گجومتہ، سگیاں، بابوصابو، شاہدرہ، ملتان روڈ اور اڈا پلاٹ سے آنے والے دودھ کی چیکنگ کی گئی۔ ملاوٹی دودھ لاہور شہر میں مختلف سوسائٹیز میں سپلائی کیا جانا تھا۔ انہوںنے کہا کہ دودھ جیسی بنیادی غذا میں ملاوٹ سنگین جرم ہے ، شہروں میں آنے والے دودھ کی تفصیلی ٹیسٹنگ کے بعد ہی سپلائی کی اجازت دی جاتی ہے، گزشتہ سالوں کی نسبت دودھ تلف شرح میں ریکارڈ کمی بہتری کا منہ بولتا ثبوت ہے، شہری گھروں میں استعمال ہونے والے دودھ کو پنجاب فوڈ اتھارٹی دفتر سے مفت ٹیسٹ کروا سکتے ہیں۔