محرم الحرام کو محفوظ اور پرامن بنانے کے لیے پنجاب پولیس کافائنل سکیورٹی پلان جاری

بدھ 25 جون 2025 14:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے محرم الحرام کو محفوظ اور پرامن بنانے کے لیے پنجاب پولیس کافائنل سکیورٹی پلان جاری کردیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بدھ کواس حوالے سے اپنے جاری بیان میں کہاکہ عزاداری جلوسوں، مجالس کی سکیورٹی کیلئے پہلے سے بہتر، جامع سٹریٹیجی مرتب کی ہے، عشرہ محرم الحرام کے دوران 38 ہزار سے زائد مجالس،09 ہزار 200 سے زائد عزاداری جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے ۔

انہوںنے کہاکہ عشرہ محرم الحرام میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں 02 لاکھ 32 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ اسی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں 28 ہزار سے زائد افسران و اہلکار محرم سکیورٹی پر تعینات ہونگے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مجالس سکیورٹی پر 53 ہزار سے زائد، عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی انتظامات میں 38 ہزار رضا کار (والنٹیرز) معاونت فراہم کریں گے اور سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ، پیرو سمیت تمام فیلڈ فارمیشنز محرم سکیورٹی انتظامات میں ڈیوٹی انجام دیں گے ۔

انہوں نے تمام مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے علما کرام، کمیونٹی لیڈرز سے اپیل کی کہ محرم الحرام میں امن اور افہام و تفہیم یقینی بنائیں ، ملک دشمن عناصر کی نفاق پھیلانے اور امن متاثر کرنے کی کسی بھی مذموم کوشش کو بین المسالک ہم آہنگی سے ناکام بنائیں، امن کمیٹیوں، مجالس و جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ کلوز کوارڈینیشن سے تمام مسائل قبل از وقت حل کر لیں۔

آئی جی پنجاب نے کہاکہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی اور جگہ جلوس، مجالس کی اجازت نہیں ہوگی اور دفعہ 144 اور لاوڈ سپیکر ایکٹ کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ زبان بندی، نظر بندی سمیت حکومت پنجاب کے سکیورٹی ایس او پیز پر من و عن عمل در آمد یقینی بنایا جائے گا،حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے ، میٹل ڈٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس استعمال کیے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ تمام اضلاع میں محرم کنٹرول رومز فعال اور سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے چوبیس گھنٹے رابطہ میں ہوں گے ۔