ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں پی آئی اے نجکاری کیس کی سماعت 27 جون تک ملتوی

بدھ 25 جون 2025 16:31

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں پی آئی اے نجکاری کیس کی سماعت بدھ کو جسٹس جواد حسن نے کی۔سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نزاکت حسین عباسی اور اے آر خٹک عدالت میں پیش ہوئے ۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ پرائیویٹائزیشن کیس واپس لینا چاہتے ہیں اور آج ہی فیصلہ سناسکتا ہوں ،درخواست گزار کے وکیل نزاکت حسین عباسی نے عدالت کو بتایا کہ وہ کیس واپس نہیں لیں گے۔

(جاری ہے)

نجکاری کمیشن کی وکیل بیرسٹر مناہل طارق نے مؤقف پیش کیا کہ رٹ پٹیشن ناقابلِ سماعت، متعلقہ عمل مکمل ہو چکا ہے جس کے جواب میں درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ پی آئی اے کی فروخت میں سیکشن 23 اور 24 کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے،پرائیویٹائزیشن شفاف طریقے سے نہیں کی جا رہی،قومی و بین الاقوامی پروازیں غیر قانونی فروخت نہیں ہونے دیں گے،عدالت نے استفسار کیا کہ پی آئی اے کتنے میں فروخت ہو رہی ہے؟پی آئی اے کے نمائندہ نے بتایا کہ 36 ملین روپے کی بولی آئی، فروخت ابھی نہیں ہوئی،عدالت نے کہا کہ فریقین قانونی حوالہ جات کے ساتھ آئندہ سماعت پر تیاری سے آئیں جس کے بعد تفصیلی فیصلہ سنایا جائے گا ،عدالت نے نجکاری کیس کی سماعت 27 جون تک ملتوی کردی۔