اپنی سیاسی زندگی کو مکمل طور پر عوامی خدمت کے لیے وقف کر دیا ہے ،چوہدری عادل باجوہ

بدھ 25 جون 2025 22:55

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2025ء) امیدوارایم این اے حلقہ این اے 172چوہدری عادل باجوہ نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی سیاسی زندگی کو مکمل طور پر عوامی خدمت کے لیے وقف کر دیا ہے روایتی سیاست دانوں نے ہمیشہ عوام سے صرف ووٹ لیے اور پھر انہیں مسائل کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا آج بھی عوام مسائل کے حل کے لیے دفتروں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں لیکن وہ اس طرزِ سیاست کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے پبلک سیکرٹریٹ میں عوامی ملاقاتوں کے دوران شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری عادل باجوہ نے کہاکہ وہ اقتدار کو حصولِ مفاد نہیں بلکہ ذریعہ خدمت سمجھتے ہیں اور اگر عوام نے آئندہ انتخابات میں اعتماد کیا تو وہ خدمت کی سیاست کی بنیاد رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 172 کے عوام جس محبت، اعتماد اور عزت سے انہیں نواز رہے ہیں وہ ان کے لیے باعثِ فخر اور حوصلہ افزائی ہے ان شائ اللہ ان کا یہ قرض میں خدمت کے ذریعے چکاؤں گا اور حلقے کے مسائل حل کر کے حقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھوں گا۔

چوہدری عادل باجوہ نے مزیدکہاکہ میری سیاست کامشن ہے کہ عام شہری کو عزت، فوری داد رسی اور مساوی مواقع ملیں اگر اللہ نے موقع دیا تو وہ حلقے میں ترقیاتی کاموں، صحت، تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع کو ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے۔ اس موقع پرشہریوں نے چوہدری عادل باجوہ کو حلقے کے مختلف مسائل سے آگاہ کیاجن میں صاف پانی، سڑکوں کی حالت، بنیادی سہولیات جیسے مسائل شامل تھے،امیدوار نے تمام شکایات کو بغور سنا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔