ڈیرہ غازی خان میں محرم الحرام کے حوالے سے لائٹنگ، صفائی و سبیلوں کی تنصیب کا عمل جاری

بدھ 25 جون 2025 21:50

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) ڈیرہ غازی خان میں محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔ شہر بھر میں عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے لائٹنگ، صفائی ستھرائی اور سبیلوں کی تنصیب جیسے انتظامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اس حوالے سے چیف آفیسر ضلع کونسل جواد الحسن گوندل کے مطابق یہ تمام اقدامات ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی براہ راست نگرانی میں انجام دیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جلوسوں کی گزرگاہوں، امام بارگاہوں، اور مرکزی مقامات پر روشنی کے مؤثر انتظامات کے لیے سامان کی ترسیل شروع کر دی گئی ہے جو مقامی یونین کونسلوں کے سیکرٹریوں کے ذریعے لائسنس داروں اور جلوس کے منتظمین تک پہنچایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انتظامات کا مقصد رات کے وقت نکالے جانے والے جلوسوں کو مناسب روشنی فراہم کرنا ہے تاکہ شرکاء کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

جواد الحسن گوندل نے مزید بتایا کہ صفائی ستھرائی کے لیے میونسپل کارپوریشن کی ٹیمیں پوری طرح متحرک کر دی گئی ہیں۔ شہر کی تمام یونین کونسلز میں جلوسوں کے روٹس پر خصوصی صفائی مہم جاری ہے جبکہ مجالس اور جلوسوں کے مقامات سے کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی کے لیے جامع منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صفائی اور نظم و ضبط کے قیام میں انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں تاکہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔