پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کا مون سون کنٹینجنسی پلان پر عملدرآمد شروع ، اضلاع کو امدادی سامان کی ترسیل جاری

بدھ 25 جون 2025 23:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2025ء) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے مون سون سیزن 2025 کے لیے جاری کردہ مون سون کنٹنجنسی پلان پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ڈی ایم اے اس وقت صوبے بھر میں ضلعی انتظامیہ کو ضرورت کے مطابق امدادی سامان کی فراہمی میں مصروف ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری نیک محمد خان کی خصوصی ہدایات پر پی ڈی ایم اے نے اپنے وئیر ہاؤس سے ضلعی انتظامیہ کو امدادی سامان کی ترسیل شروع کر دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے 2380 فیملی سائز ٹینٹ، 2300 ہائیجین کٹس، 3020 رضائیاں، 4910 گدے، 2360 سلیپنگ بیگز، 2610 تکیے، 310 لائف سیونگ جیکٹس، 3670 ترپال، 3200 پلاسٹک چٹائیاں، 3860 مچھر دانیاں، 13 ڈی واٹرنگ پمپس، 4700 کمبل، 285 سرچ لائٹس، 1310 جیری کین، 51 رسیاں اور 400 سولر لائٹس ضلعی انتظامیہ کی جانب سے موصول ہونے والی طلب اور ضرورت کے مطابق فراہم کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اسفندیار خٹک کے مطابق ادارہ صوبے کے تمام اضلاع سے مسلسل رابطے میں ہے اور مون سون سیزن کے دوران کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں فوری ردعمل اور امدادی کارروائیاں یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ادارے کا مقصد انسانی جان و مال کا تحفظ، عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی اور مؤثر رسپانس کو یقینی بنانا ہے۔ پی ڈی ایم اے کا یہ بروقت اور منظم اقدام مون سون کے دوران کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی بھرپور تیاری کا مظہر ہے۔

متعلقہ عنوان :