مغربی کنارے اور غزہ میں 17فلسطینی شہری شہید ، درجنوں گرفتار

جمعرات 26 جون 2025 11:43

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملے میں3فلسطینی شہید اور 7 شدید زخمی ہو گئے۔ العربیہ اردو کے مطابق فلسطینی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ اسرائیلی آباکاروں نے رام اللہ کے مشرق میں واقع قصبے کفر مالک میں حملے کئے جس کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید اور 7شدید زخمی ہو گئے۔

فلسطینی ہلالِ احمر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس کے امدادی عملے نے کفر مالک میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے 5فلسطینیوں کو طبی امداد فراہم کی۔ ان زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ عینی شاہدین اور مقامی ذرائع نے بتایا کہ درجنوں آبادکاروں نے قصبے پر دھاوا بول دیا، متعدد گھروں اور گاڑیوں کو نذرِ آتش کیا ۔

(جاری ہے)

دریں اثنا الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے گاؤں العروج میں چھاپہ مار کر 20 سےزیادہ فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

یہ گاؤں بیت الحم کے جنوب مشرق میں واقع ہے۔ اسرائیلی فورسز نے نابلس میں ایک الگ کارروائی میں 14 افراد کو حراست میں لے لیا۔اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے جمعرات کی صبح الخلیل شہر کے کئی علاقوں میں بھی کارروائیاں کیں۔ جمعرات کی صبح غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 14 افراد شہید ہو گئے ۔ ان میں تین فلسطینی امدادی مراکز پر امدادی سامان کی تقسیم کا انتظار کر رہے تھے ۔